0
Tuesday 30 Apr 2013 23:51

کراچی، شرانگیز وال چاکنگ مٹائی جائے، وفاقی وزیرداخلہ

کراچی، شرانگیز وال چاکنگ مٹائی جائے، وفاقی وزیرداخلہ
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے بعد نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے بھی آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ تمام شر انگیز وال چاکنگ مٹائی جائے، لیکن سیاسی و مذہبی جماعتیں اور انتظامیہ اس سلسلے میں قانون پر کتنا عمل کر رہی ہیں، اس کا اندازہ کراچی کی بولتی دیواروں سے لگایا جا سکتا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات دوہزار تیرہ کے لئے سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق میں کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں اور سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو تمام نکات پر عمل کرنے کا پابند کیا گیا ہے، اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر امیدوار کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے، لیکن کراچی کی کئی اہم شاہراہوں پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے کی گئی وال چاکنگ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کو منہ چڑا رہی ہیں۔
 
شہر کی دیواروں پر جگہ جگہ انتخابی نشان نظر آتے ہیں، صرف یہی نہیں ضابطہ اخلاق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کئی امیدوار تو اپنے نام دیواروں پر جلی حروف میں لکھوا کر ووٹرز کو متوجہ کرنے میں مشغول دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تمام امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں اور تشہیر کے لئے شہر کی دیواروں پر چاکنگ نہ کی جائے اور موجودہ صورتحال پر الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی شہر کے چپے چپے میں موجود ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ یا تو سیاسی جماعتیں قانون پر عمل کرنا شروع کردیں یا الیکشن کمیشن حرکت میں آئے۔
خبر کا کوڈ : 259542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش