0
Wednesday 1 May 2013 05:19

سیاسی و عسکری قوتیں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنادیں، وسیم اختر

سیاسی و عسکری قوتیں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنادیں، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قوتیں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں۔ ملک وقوم پہلے ہی شدید بحرانوں کا شکار ہے مزیدکسی عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ مشکلات سے نجات کا واحد راستہ شفاف اور منصفانہ الیکشن ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب اسلامی جمہوریہ پاکستان میں شریعت کا نفاذ ہوگا۔ 18کروڑ عوام چوروں، لٹیروں اور نیالبادہ اوڑھ کر آنے والوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیاگیا۔ مہنگائی میں تین سو فیصد تک اضافہ اور 18 سے 20 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ سرمایہ دار پاکستان آنے کی بجائے بنگلہ دیش، چین، بھارت اور ملائیشیا کارخ کررہے ہیں۔ پی آئی اے، ریلوے اور اسٹیل مل سمیت تمام سرکاری اداروں میں جیالوں اور متوالوں کو بھرتی کرکے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا۔ اگر قوم نے 11 مئی کو تمام تر وابستگیوں سے بالا تر ہوکر پاکستان کے بہتر مستقبل کے بارے میں نہ سوچا تو یہی لوگ دوبارہ اقتدار پرقابض ہوجائیں گے۔ 

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی حالات ناگفتہ بہ ہے۔ نگران حکومت عوام اور انتخابی امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے۔ امریکی غلامی کرنے والوں کے لئے انتخابات ''ڈرون حملہ''ثابت ہوں گے۔''خفیہ فنڈ''سے فائدہ اٹھانے والے تمام لوگوں کو بے نقاب کیاجائے۔ احتساب کا عمل بلاتفریق ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائے گی۔ وسائل نام نہاد امریکی جنگ میں جھونکنے کی بجائے عوام کے فلاح وبہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔ عوام''ترازو''کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں اور جماعت اسلامی کو موقع فراہم کریں تاکہ ملکی مشکلات سے نجات حاصل کی جائے اور پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 259597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش