QR CodeQR Code

چین اور بھارت کے درمیان تیسری فلیگ میٹنگ بھی ناکام، بھارت کا چینی شرائط ماننے سے انکار

2 May 2013 09:42

اسلام ٹائمز: چینی فوجی کمانڈروں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت مشرقی لداخ میں اپنے بنیادی ڈھانچے کو منہدم کرے جس میں ایک اہم مقام پر قائم کی گئیں فوجی چوکیاں اور کچھ سڑکیں شامل ہیں جو لائن آف ایکچیول کنٹرول کے بالکل قریب ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لداخ کے دولت بیگ اولڈی سیکٹر تنازعہ کو حل کرنے کیلئے بھارت اور چین فوجی کمانڈروں کے درمیان تیسری فلیگ میٹنگ کی ناکامی کے بعد بدھ کو بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی سربراہی والی سلامتی سے متعلق بھارت کی مرکزی کابینہ کمیٹی کو لداخ کی صورتحال سے آگاہ کیا، لیہہ لداخ میں بھارت و چین حقیقی لائن آف کنٹرول کے دولت بیگ اولڈی سیکٹر میں دونوں طرف کی فوجیں اپنی اپنی جگہوں پر موجود ہیں اور اس تنازعے کو کوئی فوری حل ممکن نظر نہیں آ رہا ہے، اس صورتحال کا ازالہ کرنے کیلئے منگل کو چشول علاقہ میں بھارت اور چین کے فوجی کمانڈروں کے مابین تیسری فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی، بریگیڈئیر سطح کی یہ فلیگ میٹنگ صبح 11 بجے سے شروع ہو کر قریب 3 گھنٹوں تک جاری رہی لیکن یہ بے نتیجہ ثابت ہوئی اور دونوں طرف کے فوجی کمانڈر اپنے مؤقف پر مضبوطی کے ساتھ ڈٹے رہے، چینی فوجی کمانڈروں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت مشرقی لداخ میں اپنے بنیادی ڈھانچے کو منہدم کرے جس میں ایک اہم مقام پر قائم کی گئیں فوجی چوکیاں اور کچھ سڑکیں شامل ہیں جو لائن آف ایکچیول کنٹرول کے بالکل قریب ہے، تاہم بھارت کے فوجی افسران نے پیپلز لبریشن آرمی کے افسران سے کہا کہ وہ بنا کسی شرط کے دولت بیگ سیکٹر کا وہ علاقہ خالی کرے جہاں وہ دراندازی کر کے داخل ہوئے ہیں۔

چینی فوج نے فلیگ میٹنگ کے دوران یہ تجویز پیش کی کہ دونوں ملکوں کی فوجیں ایک دوسرے کے مابین اپنا فاصلہ بڑھائیں لیکن بھارت کی طرف سے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ چینی فوج کو بھارتی حدود سے مکمل طور پر نکل جانا چاہئے، چینی فوج کے افسران کو یہ بھی بتایا گیا کہ جب تک وہ واپس نہیں جاتے، بھارتی فوج کا کیمپ جو چینی فوج کے خیموں سے 500 میٹر کی دوری پر ہے نہیں ہٹایا جائے گا، چینی پیشکش سے یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ چینی فوج علاقہ میں 15 اپریل سے پہلے جیسی صورتحال کرنے پر رضا مند ہے لیکن فی الوقت اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا، دونوں طرف کے فوجی کمانڈروں کی یہ طویل میٹنگ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی اور علاقہ کی صورتحال جوں کی توں ہے۔


خبر کا کوڈ: 259959

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/259959/چین-اور-بھارت-کے-درمیان-تیسری-فلیگ-میٹنگ-بھی-ناکام-کا-چینی-شرائط-ماننے-سے-انکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org