0
Thursday 2 May 2013 19:16

اقتدار میں آکر کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ختم کر دینگے، نواز شریف

اقتدار میں آکر کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ختم کر دینگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، عوامی نیشنل پارٹی نے 5 سال کچھ نہیں کیا اور اب بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ کو اقتدار ملا تو کراچی میں تمام سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کو ختم کر دیں گے۔ عمران خان کا اگر دعویٰ ہے کہ نون لیگ کو 100 سیٹیں ملیں گی تو اس کا مطلب ہے کہ ہمیں 170 سیٹیں ملیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ پیپلز پارٹی کی کارگردگی صفر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی میدان سے اس لئے غائب ہے کہ پاکستان کے عوام کیلئے انہوں نے کچھ کیا ہی نہیں۔ اب ان کی لیڈر شپ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں میدان میں ہوتی لیکن انہوں نے خود اپنے آپ کو نقصان پہنچایا اور آج اس حال میں پہنچی ہے کہ لوگ اسے ووٹ دینے کو تیار نہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی کی بات کرنے والی سیاسی جماعتوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریمارکس ہیں کہ ان کے عسکری ونگز ہیں جو شہر میں اپنے مفادات کیلئے دہشت گردی پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کا خاتمہ کیا جائے گا۔ کراچی کے عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں یا نہ دیں، لیکن اس شہر کی ترقی کے لئے وہ اقدامات کئے جائیں گے جس پر یہاں کے شہری خود ہی ہماری حمایت کریں گے۔

عمران خان کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں وہ زبان استعمال نہیں کروں گا جو عمران خان کرتے ہیں۔ ہاں اگر ان کا یہ دعویٰ ہے کہ ان کو 100 سیٹیں ملیں گی تو ہمیں 170 سٹیں ملیں گی۔ اس سوال پر کہ آرمی چیف کے بیان کو کس طرح دیکھتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہی دیکھتا ہوں جس طرح آپ صحافی اور دوسرے شہری دیکھتے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کا کوئی ایسا حصہ نہیں جو دہشت گردی سے محفوظ ہو۔ بلوچستان میں ان کی جماعت کے صوبائی صدر پر قاتلانہ حملہ ہوا، جس میں ان کے بیٹے، بھائی اور دیگر افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جب کہ گذشتہ روز حاجی لشکری رئیسانی پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ کہنا کہ پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نینشل پارٹی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے صحیح نہیں۔ انہیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ وہ قوم سے معافی مانگنے کے بجائے ایسی باتیں کر رہے ہیں جو ملک کی بقا کے لئے کسی بھی طرح صحیح نہیں۔
خبر کا کوڈ : 260146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش