QR CodeQR Code

اصحاب کے نام پر واویلا کرنیوالے اسلام کے ٹھیکیدار توہین صحابہ پر خاموش کیوں ہیں؟

اسرائیلی و امریکی پالتو کتوں کو مجاہدین کا نام دیکر اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، ایم ڈبلیو ایم

3 May 2013 18:41

اسلام ٹائمز: شام میں صحابی رسول (رض) کے مزار کو مسمار کرکے میت کی بےحرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ اصحاب کے نام پر واویلا کرنیوالے اسلام کے ٹھیکیدار آج اس تاریخ کی بدترین توہین صحابہ پر خاموش کیوں ہیں؟


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے شام میں شدت پسندوں کی جانب سے صحابی رسول حضرت حجر بن عدی الکندی (رض) کے مزار کو مسمار کرکے ان کے جسد مطہر کی بے حرمتی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں علامہ سید مبارک علی موسوی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابوذر مہدوی نے کہا آج عالم اسلام اُس معتبر اور جلیل القدر صحابی رسول (رض) کی بے حرمتی پر سراپا احتجاج ہے، شام میں اصل جنگ اسرائیل، امریکہ اُسکے اتحادی اور عالم اسلام کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدس ہستیوں کی قبروں کو مسمار کرکے اُن کی لاشوں کی بے حرمتی کوئی مسلمان نہیں کرسکتا، یقیناً یہ یہود و نصاریٰ کا کام ہے جو مخصوص ایجنڈے کے تحت اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ علامہ ابوذر مہدوی کا کہنا تھا کہ یہود و نصاریٰ اس جنگ کو نام نہاد اسلامی جہاد کا نام دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست وگریبان کرنے کے درپے ہیں، لیکن خطے میں ایسی طاقتیں اللہ کی ذات نے رکھی ہیں جو ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گی۔

علامہ مبارک علی موسوی نے کہا اصحاب کے نام پر واویلا کرنیوالے اسلام کے ٹھیکیدار آج اس تاریخ کی بدترین توہین صحابہ پر خاموش کیوں ہیں؟ مغربی استعمار اس وقت شام میں وہ کام کر رہا ہے جس سے عالم اسلام کی رسوائی اور اسلامی اصولوں کے منافی اقدامات کو اسلامی روایات بنا کر ایک نیا اسلام متعارف کروایا جا رہا ہے، انشاءاللہ خطے کے غیور مسلمان کبھی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور غیر اسلامی، غیر انسانی فعل سرانجام دے کر مسلمانوں کو جاتے جاتے بدنام کرنے کی مذموم کوشش کرکے اپنے استعماری آقاؤں کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم ہیں، جو انشاءاللہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عرب ممالک جو کہ ان جنگجوؤں کے خیرخواہ ہیں، اُن سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلام کے نام پر اسرائیل اور امریکی مفادات کو جہاد کا نام دے کر اسلام کو بدنام کرنے سے باز رہیں۔
 
احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے شام میں شدت پسندوں کی جانب سے کئے گئے اس المناک واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا اسرائیل اور امریکی پالتو کتوں کو مجاہدین کا نام دے کر اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ اس جرم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام آج سراپا احتجاج ہے، دنیا میں جہاں جہاں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اس کے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور اس کے حواری ہیں۔ او آئی سی اِس واقعے کا فوری نوٹس لے کر ان جاہل قوتوں کی حمایت کرنے والے عرب ممالک سے جواب طلب کریں، بصورت دیگر اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ احتجاجی مظاہرے سے علامہ حسن ہمدانی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ مہدی حسن کاظمی، سید اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات آئی ایس او پاکستان سید زین زیدی نے بھی خطاب کیا اور اس دل سوز واقعے کی شدید مذمت کی۔


خبر کا کوڈ: 260359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/260359/اسرائیلی-امریکی-پالتو-کتوں-کو-مجاہدین-کا-نام-دیکر-اسلام-بدنام-کیا-جارہا-ہے-ایم-ڈبلیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org