QR CodeQR Code

سیاسی جماعتوں کے پاس تبدیلی کا دعوا ہے ایجنڈا نہیں، ترابی

5 May 2013 10:35

اسلام ٹائمز: ضلع اسلام آباد کے زیراہتمام حلقہ 48 اور 49 میں رہنے والے کشمیریوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر کا کہنا تھا کہ آزمودہ قیادت اور فرسودہ نظام ایٹمی پاکستان کو دنیا میں بےتوقیر کیے ہوئے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو منہدم کرنے کی بین الاقوامی یلغار کے خلاف عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔ مخصوص ٹولہ چہرے اور پارٹیاں بدل کر قوم پر مسلط ہوتا رہا ہے اور یہی ٹولہ مہنگائی، بدامنی، کرپشن، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار ہے۔ آزمودہ قیادت اور فرسودہ نظام ایٹمی پاکستان کو دنیا میں بےتوقیر کیے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے زیراہتمام حلقہ 48 اور 49 میں رہنے والے کشمیریوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومتی وسائل نہ ہونے کے باوجود متاثرین زلزلہ، متاثری سیلاب سمیت قوم کی بے لوث خدمت کا شاندار ریکارڈ موجود ہے۔ رائے عامہ منظم کر کے پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست تشکیل دینے کا ایجنڈا جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی قیادت کسی نے پچیس سال حکومت کی تو کسی نے بیس سال کوئی بھی تبدیلی نہیں لا سکا، ان سیاسی جماعتوں کے پاس تبدیلی کا دعوا ہے مگر ایجنڈا نہیں ہے۔ پاکستان میں مقیم 30 لاکھ کشمیری کشمیریوں کی محسن اور تحریک آزادی کی پشتیبان جماعت کو ووٹ دیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کی کی آزادی کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہندوستان کے خلاف ہمہ گیر جہاد کیا جائے۔ 


خبر کا کوڈ: 260840

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/260840/سیاسی-جماعتوں-کے-پاس-تبدیلی-کا-دعوا-ہے-ایجنڈا-نہیں-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org