QR CodeQR Code

ایران سے کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ بات کرنے کو تیار ہیں،امریکا،معاہدہ جوہری پروگرام سے متعلق تمام خدشات کو دور نہیں کرتا،یورپی یونین

18 May 2010 11:34

اسلام ٹائمز:یورپی یونین کے امور خارجہ کی چیف کیتھرین ایشٹون کا کہنا ہے کہ ایران کے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی خواہش کا تنازع حل نہیں ہو سکا،شکوک و شبہات برقرار ہیں


واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ جوہری تنازع کے حل کیلئے ایران سے کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ بات کرنے پر تیار ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے کہا کہ گفتگو کیلئے ضروری ہے کہ پہلے ایران اپنے جوہری پروگرام پر پائے جانے والے عالمی برادری کے خدشات دور کرے کیونکہ وہ اب تک اس میں ناکام رہا ہے۔ اگر تہران ثابت کر دیتا ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے تو امریکا اس سے کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت مذاکرات کرنے پر تیار ہے۔تاہم واشنگٹن ایران کے خلاف اقوام متحدہ کے ذریعے پابندیاں لگانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق یورپی یونین نے کہا کہ ایران ترکی افزودہ یورینیم تبادلے کا معاہدہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام خدشات کو دور نہیں کرتا جبکہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مثبت اقدام یہ ہو گا کہ ایران اپنی تمام کم افزودہ یورینیم ملک سے باہر نکال دے۔
یورپی یونین کے امور خارجہ کی چیف کیتھرین ایشٹون کا کہنا ہے کہ ایران کے ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی خواہش کا تنازع حل نہیں ہو سکا،شکوک و شبہات برقرار ہیں۔برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ایلسٹائر برٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ پابندیوں کے چوتھے مرحلے پر اس وقت تک کام جاری رہنا چاہئے جب تک ایران اپنے متنازع جوہری پروگرام پر عالمی برداری کے تمام خدشات دور نہ کر دے۔فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق مصالحت کار اس معاہدے سے خود کو دھوکہ نہ دیں،مسئلے کی جڑ موجود ہے،اور ایران نے تاحال اپنی جوہری سرگرمیوں پر آئی اے ای اے کو کوئی مکمل اور واضح جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے ترجمان رابرٹ گبس نے کہا ہے ایران کا یہ کہنا کہ وہ اپنا بیس فی صد یورینئم افزودگی کا پروگرام جاری رکھے گا،اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی واضح خلاف ورزی ہے۔ایران ملک میں موجود تمام کم افزودہ یورنیئم باہر نکال دے۔


خبر کا کوڈ: 26097

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/26097/ایران-سے-کسی-بھی-وقت-اور-جگہ-بات-کرنے-کو-تیار-ہیں-امریکا-معاہدہ-جوہری-پروگرام-متعلق-تمام-خدشات-دور-نہیں-کرتا-یورپی-یونین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org