QR CodeQR Code

کراچی میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی جائے، ڈاکٹر عارف علوی

6 May 2013 12:50

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار نے کہا کہ اگر کراچی میں پہلے فوج کو تعینات کر دیا جاتا تو آج شہر میں دہشت گردی کے واقعات رونما نہ ہوتے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں پرامن الیکشن کے انعقاد کے لئے حکومت فوری طور پر 11 مئی کو عام انتخابات کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرے۔ اگر کراچی میں پہلے فوج کو تعینات کر دیا جاتا تو آج نہ دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے اور نہ ہی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق خان خٹک دہشت گردوں کا نشانہ بنتے۔ تحریک انصاف کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ایس 112 اور پی ایس 113 سے تحریک انصاف کے امیدوار ثمر علی خان اور خرم شہزاد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ملک بھر میں جو دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں اور ان واقعات کے نتیجے میں جو جانی نقصان ہوا ہے تحریک انصاف اس کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جہاں دیگر پارٹیوں کو نشانہ بنایا ہے وہاں اتوار کو مردان میں تحریک انصاف کے الیکشن دفتر پر بھی بم کے ذریعے حملہ کیا گیا اور اس حملے میں ہمارے کئی کارکن زخمی ہوئے۔
 
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کراچی میں جس طرح آئے روز مختلف سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر حملے کئے جا رہے ہیں یہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ کراچی میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت اور تمام سیکورٹی اداروں کو ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ اگر حکومت نے عملی اقدامات نہ کئے تو کراچی سمیت پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے امیدواروں اور ان کے دفاتر پر سیکورٹی فراہم کرے اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ تمام جماعتیں بلا خوف و خطر اپنی انتخابی مہم چلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امن ہو گا تو عوام بلا خوف و خطر انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو کراچی میں ہونے والا جلسہ بعض سیاسی وجوہات اور سیکورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 9 مئی کو کراچی کا دورہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 261179

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/261179/کراچی-میں-تمام-پولنگ-اسٹیشنز-پر-فوج-تعینات-کی-جائے-ڈاکٹر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org