QR CodeQR Code

شہباز شریف اور انکے آلہ کار پولیس افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، عمران اسماعیل

6 May 2013 19:43

اسلام ٹائمز: مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت اور عوامی حمایت نے شریف برادران کا دماغی توازن خراب کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران اسماعیل نے پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس کی جانب سے کارکنوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور انکے آلہ کار پولیس افسران اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ ایسے پولیس محکمے سے ایسی کالی بھیڑوں کا صفایا اولین ترجیح ہو گی جو قانون اور انصاف کی بالادستی کے بجائے اپنی ہمدردیاں کسی فرد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ مرکزی میڈیا سیل کراچی سے جاری ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ قانون کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھنے والوں کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ شہباز شریف اپنی 5 سالہ حکومت کے وفادار پولیس افسران کو تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف استعمال کرنے سے باز رہیں۔
 
عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت اور عوام کی حمایت نے شریف برادران کا دماغی توازن ہی خراب کر دیا ہے جس کی وجہ سے وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام کے حامی شریف برادران قانون کو اپنا غلام بنا کر عوام پر ظلم کرنے کے لئے اقتدار چاہتے ہیں مگر اب قوم جاگ چکی ہے اور ان کے اصلی چہروں سے واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی ایسے شریفوں سے حساب کا دن ہوگا۔ عمران اسماعیل نے مردان اور پشاور میں بھی کارکنوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین، پاکستانی عوام کے اٹھ کھڑے ہونے اور تبدیلی کے خوف سے حواس باختہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا سورج طلوع ہوگا تو ایسی بدعنوان پنجاب پولیس کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 261354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/261354/شہباز-شریف-اور-انکے-آلہ-کار-پولیس-افسران-اپنا-قبلہ-درست-کرلیں-عمران-اسماعیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org