QR CodeQR Code

جے یو آئی (ف) کے جلسے میں دھماکہ، 19 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

7 May 2013 00:28

اسلام ٹائمز: پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ دھماکہ جلسے میں اسٹیج کے قریب ہوا۔ این اے 37 کے حلقے میں ہونے والے اس مشترکہ جلسے میں قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔


اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں جے یو آئی ف کے انتخابی جلسے میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ دھماکہ وسطی کرم کے علاقے سیواک میں جے یو آئی ف کے امیدوار منیر اورکزئی خان کے انتخابی جلسے میں ہوا، واقعے میں 70 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ جلسہ ایک مقامی مدرسہ میں منعقد کیا گیا تھا جس میں لگ بھگ 3 ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔ پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی کے مطابق دھماکہ جے یو آئی (ف) کے جلسے میں اسٹیج کے قریب ہوا، قومی اسمبلی کے امیدوار منیر اورکزئی خان جیسے ہی اسٹیج سے نیچے اترے دھماکہ ہوگیا تاہم وہ دھماکے میں محفوظ رہے، جبکہ این اے 37 سے امیدوار عین الدین شاکر زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی اور پورا علاقہ لرز گیا، جائے وقوع پر زخمیوں کی دلخراش چیخیں تھیں اور وہ مدد کے لئے پکارتے رہے، مقامی لوگوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو پارہ چنار اور صدہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا، پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ دھماکہ جلسے میں اسٹیج کے قریب ہوا۔ این اے 37 کے حلقے میں ہونے والے اس مشترکہ جلسے میں قبائلی عمائدین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔  واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو پارہ چنار ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک ہسپتال میں 50 سے زائد زخمی لائے جا چکے ہیں جن میں سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کو پرائیویٹ گاڑیوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی افراد کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے ہسپتال جمع ہونا شروع ہو چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 261406

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/261406/جے-یو-ا-ئی-ف-کے-جلسے-میں-دھماکہ-19-افراد-جاں-بحق-70-سے-زائد-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org