0
Tuesday 7 May 2013 18:16

شریف برادران اداکاری کرکے بھٹو نہیں بن سکتے، پیپلز پارٹی

شریف برادران اداکاری کرکے بھٹو نہیں بن سکتے، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور پی ایس 29 سے امیدوار سید قائم علی شاہ، پی ایس 32 کے امیدوار منظور حسین وسان اور این اے 215 سے امیدوار نواب خان وسان نے کہا ہے کہ شریف برادران اداکاری کرکے، مائیک گرا کر بھٹو نہیں بن سکتے، بھٹو پیدا ہوتے ہیں بنائے نہیں جاتے، شریف برادران نے پنجاب کے عوام کو ڈینگی کے مرض میں مبتلا کیا، عمران خان ابھی سیاست میں بچے ہیں، انہیں سیاست کی اے بی سی بھی نہیں آتی۔

انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ صدر زرداری کی سیاست سمجھنے کے لئے عمران خان کو ابھی کافی وقت درکار ہے، زرداری وہ شکاری ہیں جو وقت آنے پر اپنا شکار کرتے ہیں، شریف برادران کا شیر، شیر نہیں گیدڑ ہے۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ نواز شریف سیاست سے ریٹائر ہو چکے ہیں، جلسوں میں ان کی زبان ان کا ساتھ نہیں دیتی، کہنا کچھ چاہتے ہیں کہہ کچھ اور دیتے ہیں، نواز شریف قوم پرستوں کے کندھوں پر بیٹھ کر سندھ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے قربانیاں دیں، شریف شہزادوں سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے جمہوریت کی خاطر کونسی قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ جن کارکنوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اقتدار میں آکر ان کا ازالہ کیا جائے گا، ہر گاؤں میں قرعہ اندازی کے ذریعے نوکریاں دی جائیں گی، نواب خان وسان نے کہا کہ مخالفین کے پاس اب کوئی پروپیگنڈہ نہیں ہے اور وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو فروخت کردیا، ہم سندھ دھرتی کے سچے سپوت ہیں اور سندھ دھرتی سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس موقع پر کاشف سوہو، منور وسان، منظور حسین، ضمیر رڈو، آغا نائب پٹھان، منیر حسین منگی، مسعود شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 261597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش