0
Tuesday 7 May 2013 23:24

شام نے اقوام متحدہ کو شکایت کر دی، اسرائیلی فضائی جارحیت سے 42 افراد جاں بحق، سینکڑوں لاپتہ

شام نے اقوام متحدہ کو شکایت کر دی، اسرائیلی فضائی جارحیت سے 42 افراد جاں بحق، سینکڑوں لاپتہ
اسلام ٹائمز۔ شام پر اسرائیلی فضائی حملوں میں بیالیس افراد جاں بحق، ایک سو سے زائد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں جبلِ قاسیون نامی علاقے میں واقع ایک فوجی تحقیقی مرکز سمیت تین مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ ادھر اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کو بھیجے جانے والے ہتھیاروں کو نشانہ بنایا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے سرکاری طور پر اس حملے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ شامی وزارتِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ"اب اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ اسرائیل شام میں جاری دہشتگردی کی کارروائیوں کو شہ دینے والا ملک ہے۔ دمشق میں حکام کا کہنا ہے کہ شام اسرائیلی جارحیت کا جواب دے گا اور اس کے لئے موزوں وقت کا انتخاب کیا جائے گا۔

ادھر شام نے اسرائیلی جارحانہ حملوں کی اقوام متحدہ کو باضابطہ طور پر شکایت کر دی جبکہ شامی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے شام میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے سے اس کے النصرہ فرنٹ کے شدت پسندوں سمیت "دہشتگردوں" سے رابطوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ نے دمشق پر اسرائیلی حملوں کے تناظر میں فریقین پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ طرز عمل اپنائیں اور صورتحال کو مزید بگڑنے نہ دیں۔ شامی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ اسرائیل کے حملوں سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ جو تین فوجی مقامات نشانہ بنے ہیں، ان میں جمرایہ میں واقع عسکری تحقیقی مرکز، دمشق کے علاقے الدماس میں پیراگلائیڈنگ کی ہوائی پٹی اور میسالون میں ایک مقام شامل ہے۔ یہ بیان شامی کابینہ کی ہنگامی اجلاس کے بعد ملک کے وزیرِ اطلاعات عمران الذہبی نے صحافیوں کو پڑھ کر سنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے سے متعدد شامی شہری جان بحق اور زخمی ہوئے اور بڑے پیمانے پر تباہی بھی ہوئی۔ اس حملے سے اسرائیل، دہشتگرد گروہوں اور ان کے حامی النصرہ فرنٹ کے درمیان تعاون کی نشاندہی ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 261695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش