0
Wednesday 8 May 2013 00:29

پرامن انتخابات کا انعقاد پولیس کی انتہائی اہم ذمہ داری ہے، آئی جی سندھ

پرامن انتخابات کا انعقاد پولیس کی انتہائی اہم ذمہ داری ہے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ نے سینٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور الیکشن سیکیورٹی پلان کے تحت سرویلنس اور مانیٹرنگ کے جملہ امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ منتخب کردہ 164 مقامات پر نصب 930 سے زائد کیمرے براہ راست سیکورٹی انتظامات کی کوریج کو یقینی بنا رہے ہیں جبکہ کوریج کی نگرانی کے تمام امور کے لئے مستعد، چاک و چوبند اور تربیت یافتہ پولیس افسران و جوان، محکمہ پولیس کے دیگر ملازمین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر تعینات ہیں۔ آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ جن علاقوں میں کمانڈ اینڈ سینٹر کی کوریج سہولت دستیاب نہیں ہے ان علاقوں کے لئے پہلے مرحلے میں سرویلنس کیمروں سے آراستہ 48 پولیس موبائلز تیار کر لی گئی ہیں جبکہ 52 مزید ایسی موبائلیں الیکشن سے قبل تیار کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح پولیس کی گاڑیوں میں 2 ہزار ٹریکر نصب کر کے ٹریکنگ سسٹم کو کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کا مقصد دوران مانیٹرنگ کسی بھی علاقہ میں کوئی جرم یا مشکوک سرگرمی دکھائی دینے پر قریب ترین پولیس موبائل کو بروقت اطلاع دینا ہے۔ آئی جی سندھ نے مددگار 15 کو ہدایات جاری کیں کہ شہر کے مختلف پوائنٹس پر ڈپلائمنٹ کا شیڈول تھانوں کی سطح پر تیار کر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو فراہم کیا جائے تاکہ مانیٹرنگ کے دوران کسی بھی ممکنہ وقوعہ کے سامنے آنے پر بروقت نہ صرف ٹریکرز نصب شدہ موبائلوں بلکہ مددگار 15 اور تھانوں کی موبائلوں کو بھی اطلاع دی جا سکے۔
 
آئی جی سندھ کو بتایا گیا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو وسعت دینے کے حوالے سے اگلے مرحلے میں ایک ڈونر ایجنسی کے تعاون سے 400 نئی لوکیشنز پر تقریباً 2 ہزار مزید کیمرے بالخصوص ان علاقوں میں نصب کئے جائیں گے جہاں فی الوقت سرویلنس کیمروں کی سہولت موجود نہیں ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو وسعت دینے کے حوالے سے آئی جی سندھ نے ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ پولیس تبسم عابد کو ہدایات جاری کیں کہ اگلے مرحلے کے جملہ امور کی تکمیل کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ 400 نئی لوکیشنز کے انتخاب کے لئے کراچی رینج، زونل ڈی آئی جیز سے باقاعدہ تجاویز/سفارشات بھی طلب کی جائیں۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ پرامن اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد پولیس کی انتہائی اہم ذمہ داری ہے لہذا شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر لحاظ سے ممکن بنانے کے لئے دستیاب وسائل کو موثر طور پر استعمال میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 261712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش