0
Wednesday 8 May 2013 13:57

زخمی عمران خان، مخالفین اور حامیوں کا اظہار ہمدردی

زخمی عمران خان، مخالفین اور حامیوں کا اظہار ہمدردی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان لاہور میں ایک انتخابی جلسے کے دوران لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے ہیں۔ وہ لفٹ کے ذریعے اسٹیج پر جا رہے تھے کہ اپنے گارڈ سمیت گرگئے۔ دس فٹ کی بلندی سے گرنے پر ان کے سر پر چوٹیں آئی ہیں۔ عمران خان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ انہیں پارٹی کارکنوں نے ہسپتال پہنچایا۔ ٹی وی فوٹیجز میں ان کے سر پر چوٹوں کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ انہیں نیم غنودگی کی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ بعد میں ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ عمران خان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پی ٹی آئی چیف کے زخمی ہونے پر پاکستان مسلم لیگ نواز ( پی ایم ایل این) کے قائد نواز شریف نے گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کیلئے گلدستہ بھجوایا ہے۔ پی ایم ایل این کی رہنما مریم نواز نے بھی عمران خان کی جلد صحتیابی کی خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ نیز پی ایم ایل این نے عمران خان کے خلاف ٹی وی پر جاری میڈیا مہم بھی روک دی ہے، اس مہم کو روکنے کے فوری احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ 

ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہیں۔ ایم کیو ایم نے عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد سیالکوٹ میں منعقد ہونے والے اپنے انتخابی جلسے اور ٹیلیفونک خطاب ملتوی کر دیا ہے۔ دوسری جانب شیخ رشید احمد نے بھی عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جماعتِ اسلامی کے امیر، منور حسن نے عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان کی سابق بیوی جمائمہ خان نے بھی ٹویٹر کے ذریعے ان کی خیریت کی اطلاع دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران خان کے گرنے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں ان کے حامی غم سے نڈھال نظر آئے۔ اس وقت بھی ان کے کارکنوں اور ہمدردوں کی بہت بڑی تعداد ہسپتال کے باہر موجود ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر لبرٹی ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور گلوکار ابرارالحق نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہوش آ گیا ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ 

ڈاکٹروں کے مطابق انہیں سر کے پچھلے حصے میں چوٹیں آئی ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے سر پر سولہ ٹانکے آئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ عمران خان کمر میں تکلیف کی شکایت بھی کر رہے تھے۔ ان کے سر کے مختلف حصوں کے سی ٹی سکین اور ایکسرے لئے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی کمر کی ہڈی پر چوٹیں آئی ہیں۔
بعد ازاں تحریکِ انصاف کے رہنما شفقت محمود نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کو چوٹوں کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انتخابی مہم مزید جاری نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طبی حفاظتی قدم ہے نہ کہ کوئی سیاسی فیصلہ۔ واضح رہے کہ عمران خان کو بعد ازاں شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا مزید علاج کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق عمران خان نے ہوش میں آنے کے بعد ہسپتال کے بستر سے قوم سے اپیل کی کہ وہ تبدیلی کو ووٹ دیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے نئے پاکستان کی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں باہر نکل کر ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ میں لوگوں کیلئے کر سکتا تھا کیا، اب عوام کی باری ہے کہ وہ گیارہ مئی کو ملک میں تبدیلی کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 261862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش