QR CodeQR Code

بھارتی حکومت کی حد درجہ لاپروائی قیدیوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے، میرواعظ عمر فارق

10 May 2013 09:36

اسلام ٹائمز: کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بھارتی جیلوں میں مقید کشمیریوں پر اس سے پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں اور اس واقعہ کے بعد ان قیدیوں کے تحفظ کے حوالے سے نئے خدشات نے جنم لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے گزشتہ کئی برسوں سے کورٹ بلوال جیل جموں میں ایام اسیری کاٹ رہے پاکستانی شہری ثنا ءاللہ پر جیل میں جان لیوا حملے کے بعد چندی گڑھ ہسپتال میں ہوئی موت پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ لاقانونیت اور بھارتی جیلوں میں مقید قیدیوں کے تئیں ناقص حفاظتی بندوبست کا شاخسانہ ہے اور اس واقعہ کے بعد اس بات کو تقویت مل رہی ہے کہ بھارتی حکومت کی قیدیوں کی حفاظت کے حوالے سے حد درجہ لاپروائی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ان قیدیوں کی ہلاکت کا سبب بن رہی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے بعد بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں اور تعذیب خانوں میں مقید سینکڑوں کشمیری قیدیوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہم پہلے بھی یہ مطالبہ کرچکے ہیں کہ ان قیدیوں کو فوری طور کشمیر منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں مقید کشمیریوں پر اس سے پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں اور اس واقعہ کے بعد ان قیدیوں کے تحفظ کے حوالے سے نئے خدشات نے جنم لیا ہے، میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ دونوں ممالک کے جیلوں میں پیش آرہے اس قسم کے حادثات کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک جیلوں میں مقید ان قیدیوں کو اپنے اپنے ملک واپس روانہ کریں، انہوں نے کہا کہ اس قسم کے سانحات بنیادی طور مسئلہ کشمیر کی پیداوار ہے اور اس کے ساتھ ساتھ آپسی اعتماد کا فقدان دونوں ممالک کے درمیان سرد مہری پر مبنی تعلقات کا اہم عنصر ہے اور جب تک دونوں ممالک اس بنیادی مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات نہیں اٹھاتے اس قسم کے حادثات ہوتے رہیں گے، میرواعظ عمر نے ثناءاللہ کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری کشمیری قوم انکے غم میں برابر کے شریک ہے۔


خبر کا کوڈ: 262429

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/262429/بھارتی-حکومت-کی-حد-درجہ-لاپروائی-قیدیوں-ہلاکت-کا-سبب-بن-رہی-ہے-میرواعظ-عمر-فارق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org