0
Friday 10 May 2013 19:16

حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، نجم سیٹھی

حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، نجم سیٹھی
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں عام انتخابات کے منصفانہ، غیر جانبدارانہ، شفاف اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، ہر پولنگ سٹیشن پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں،بیلٹ بکس کو پولنگ سٹیشنز سے واپس ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تک لانے کے تمام ضروری انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ ووٹرز پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

نگران وزیراعلی نجم سیٹھی نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلی میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عام انتخابات کے موقع پر صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلی نجم سیٹھی نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں اور نگران حکومت عام انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مرتب کردہ مربوط سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے شفاف اورپرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم پوری طرح فعال ہیں۔انہوں نے کہاکہ پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ حساس پولنگ سٹیشنزپر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ اداروں کے مابین انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جارہا ہے،ڈویژن او رضلع کی سطح پر ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو کوریج کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبائی سیکرٹری داخلہ او رآئی جی پولیس پنجاب نے امن وامان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 262574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش