0
Saturday 11 May 2013 12:15

بشار الاسد اقتدار سے الگ نہیں ہونگے، ہمارا ردعمل بہت سخت اور اسرائیل کیلئے تکلیف دہ ہوگا، فیصل مقداد

بشار الاسد اقتدار سے الگ نہیں ہونگے، ہمارا ردعمل بہت سخت اور اسرائیل کیلئے تکلیف دہ ہوگا، فیصل مقداد
اسلام ٹائمز۔ شام نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے اگر کوئی نیا حملہ کیا جاتا ہے تو اس کا فوری جواب دیا جائے گا۔ شام نے امریکہ کی جانب سے صدر بشارالاسد سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ جمعہ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اگر اب اسرائیل کی جانب سے کوئی حملہ کیا گیا تو اس کا بروقت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کے کسی نئے حملے کا فوری جواب دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس کے لیے مزید ہدایات کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہمارا ردعمل بہت سخت اور اسرائیل کے لیے تکلیف دہ ہوگا۔ 

درایں اثناء شامی وزارت خارجہ نے امریکہ اور روس کے درمیان بحران کے حل کے لیے گذشتہ سال جنیوا میں طے پانے والے چھ نکاتی معاہدے کی روشنی میں ایک بین الاقوامی کانفرنس بلانے پر اتفاق کا خیرمقدم کیا، لیکن اس کے ساتھ ہی وزارت خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا یہ مطالبہ مسترد کر دیا، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد تنازعے کے حل کے لیے اقتدار چھوڑ دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بشارالاسد کے اقتدار کا فیصلہ کرنا شامی عوام کا کام ہے۔ بیان میں روس کے شام سے متعلق موقف پر اس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ تبدیل نہیں ہوگا کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے۔

شام کے نائب وزیر خارجہ نے عالمی برادری کی جانب سے دباو کے بعد ملک میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کے خیر مقدم کا بھی اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بان کی مون کے مقرر کردہ وفد کا استقبال کرنے کو تیار ہیں اور اس کے لیے ہم ہمیشہ تیار رہے ہیں، تاکہ وہ آئیں اور خان الاصل میں جو کچھ رونما ہوا تھا، اس کی تحقیقات کریں۔ وہ شمالی شہر حلب کے نزدیک واقع گاوں کا حوالے دے رہے تھے، جہاں شامی باغی جنگجووں نے کیمیائی ہتھیار استعمال کئے تھے۔ اس واقعے میں تیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال صدر بشارالاسد کے لیے ایک ریڈ لائن ہے۔
خبر کا کوڈ : 262727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش