0
Sunday 12 May 2013 18:15

امید ہے نواز شریف قوم سے کئے وعدے پورے کرینگے، ساجد میر

امید ہے نواز شریف قوم سے کئے وعدے پورے کرینگے، ساجد میر
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے انتخابات میں شاندار کامیابی پر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف کے نام ایک تہنیتی خط میں انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے منشور میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، ملک کو امریکی غلامی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں گے۔

پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ ملک کو داخلی وخارجی محازوں پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم جمہوری حکومت ناگزیر ہے، عوام نے جن مسائل اور عوامل کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور انکے اتحادیوں پر عدم اعتماد کیا ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت کو اگرچہ ان مسائل کا ادراک ہے تاہم خدانخواستہ انہوں نے بھی ان غلطیوں کو دہرایا تو پھر جمہوری نظام پر عوام کا اعتماد ہمیشہ کے لیے اٹھ جائے گا، بھاری مینڈیٹ کے ساتھ مسلم لیگ ن پر بھاری ذمہ داری بھی عائد ہو گئی ہے۔

سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ وہ اسلام کی سربلندی اور حب الوطنی کے جذبہ کے تحت ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ پروفیسر ساجد میر نے اپنی اتحادی جماعت کی اس کامیابی پر جمعہ کے روز یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے، اس روز مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں گے اور ملکی استحکام اور ترقی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 263157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش