QR CodeQR Code

حلف برداری کی تقریب میں بھارتی وزیراعظم کو بھی بلائینگے

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور امریکہ کو ڈرون حملے روکنے کیلئے راضی کرلینگے، نواز شریف

13 May 2013 19:01

اسلام ٹائمز: رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سربراہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، وہاں حکومت بنانا انکا حق ہے، تحریک انصاف بھی نون لیگ کا مینڈیٹ تسلیم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت بننے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ بننے کا عندیہ دے دیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے روکنے کیلئے وہ امریکہ کو راضی کرلیں گے۔ رائیونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، وہاں حکومت بنانا انکا حق ہے، تحریک انصاف بھی نون لیگ کا مینڈیٹ تسلیم کرے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات کی بحالی کیلئے وہ اپنی تقریب حلف برداری میں منموہن سنگھ کو شرکت کی دعوت دیں گے جبکہ ڈرون حملے روکنے کیلئے وہ امریکہ کو راضی کرلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ نیٹو افواج کی واپسی اور دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے، عالمی برادری کے ساتھ اچھے روابط ہوں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ آصف زرداری نے ملکی مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیں کیں، مسلم لیگ نون سے جو ہوسکا وہ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے خلاف نہیں، وہ چاہتے ہیں کہ قومی مفاد میں سب لوگ ان کا ساتھ دیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدر زرداری ملکی مسائل حل کرتے تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔ عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے حکمت عملی بنا لی ہے۔ پاکستان کو اقتصادی اور معاشی میدان میں ترقی دے کر ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے روکنے پر امریکا کو قائل کر لیں گے۔ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کے لئے جو ممکن ہو سکا وہ کرینگے، جبکہ پاکستان میں دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے قومی حکمت عملی بنائی جائے گی۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دوست ممالک سے ہر ممکن مدد لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اگر ملکی مسائل کی طرف توجہ دیتے تو آج پاکستان کا یہ حال نہ ہوتا۔ حکومت بنانے کے بعد فوری طور پر ملکی مسائل کو حل کرنے اور عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے پر توجہ دی جائے گی۔ ہم نے عوام کو فوری ریلیف دینے کے لئے حکمت عملی بنا لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی اکثریت ہے، وہاں پر عمران خان کی ہی حکومت بننی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 263510

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/263510/سعودی-عرب-کے-ساتھ-تعلقات-کو-مزید-مضبوط-اور-امریکہ-ڈرون-حملے-روکنے-کیلئے-راضی-کرلینگے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org