QR CodeQR Code

مضبوط پاکستان مظلوم کشمیریوں کی تمناؤں کا مرکز ہے، حکیم یاسین

14 May 2013 11:18

اسلام ٹائمز: اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پچھلے 60 برسوں کے دوران لٹکتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے بے انتہا مصائب و مشکلات جھیلے ہیں اور اب اس بات کی متحمل نہیں ہوسکتے کہ وہ اپنی آنے والی نسل کو یہ دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ منتقل کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پی ڈی ایف کے سربراہ حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ مضبوط جمہوری پاکستان برصغیر کے ممالک کے لئے نہ صرف بے حد اہمیت کا حامل ہے بلکہ مظلوم کشمیریوں کی تمناؤں کا مرکز ہے، بڈگام میں ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکیم محمد یاسین نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی طرح پاکستان میں بھی مضبوط جمہوریت کا احیاء چاہتے ہیں اور پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھ کر دونوں ممالک کے مابین مستقل اور پائیدار دوستی کے خواہاں ہیں، انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد نواز شریف کے بیانات اور بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے فوری ردعمل سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں جمہوریتوں کے سربراہان آپسی دوستی کے خواہاں ہیں، حکیم نے کہا کہ پی ڈی ایف پُر امید ہے کہ نواز شریف کے سابقہ دور میں مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کے حوالے جو پیش رفت ہوئی تھی اُسکو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے میں اب دونوں حکومتیں اپنا اپنا موثر کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پچھلے 60 برسوں کے دوران لٹکتے ہوئے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے بے انتہا مصائب و مشکلات جھیلے ہیں اور اب اس بات کی متحمل نہیں ہوسکتے کہ وہ اپنی آنے والی نسل کو یہ دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ منتقل کریں، اس حوالے سے انہوں نے کنونشن میں ایک قرار داد پیش کی جس میں دونوں ممالک سے کہا گیا کہ وہ برصغیر کے کروڑوں عوام کی خواہشات کا احترام کرکے آپسی دوستی کی ایک نئی تاریخ رقم کر کے مسئلہ کشمیر کو حتمی طور حل کریں۔


خبر کا کوڈ: 263632

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/263632/مضبوط-پاکستان-مظلوم-کشمیریوں-کی-تمناو-ں-کا-مرکز-ہے-حکیم-یاسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org