0
Tuesday 14 May 2013 19:29

نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات، پاک ایران گیس منصوبے پر تحفظات کااظہار

نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات، پاک ایران گیس منصوبے پر تحفظات کااظہار
رپورٹ: ٹی ایچ شہزاد

مسلم لیگ نون کے سربراہ اور پاکستان کے متوقع وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے رائے ونڈ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے میاں نواز شریف کو حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات بہتر ہوں گے اور تجارتی و سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ نواز شریف نے اس موقع امریکی سفیر سے ڈرون حملوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر امریکی سفیر نے واشنگٹن سے رابطے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اس پر پاکستان کی نئی حکومت کو مثبت جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر نے نواز شریف کو باہمی تعاون کے ساتھ حکومت چلانے کی پیش کش کی۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں ایسی حکومت کا خواہاں ہے جو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو بند نہ کرے بلکہ پاکستانی علاقوں سمیت افغانستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردوں کے خلاف امریکی آپریشن میں معاون ہو۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور امریکی سفیر نے اس منصوبے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا، تاہم میاں نواز شریف نے اس حوالے کیا یقین دہانی کروائی اس کا علم نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر نے امریکہ میں پاکستان کی جانب سے معتدل شخصیت کو سفیر نامزد کرنے کا بھی کہا، جس پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے پارٹی مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے، تاہم امریکی سفیر نے 3 شخصیات کے نام دیئے ہیں جن کی سفارش کی گئی ہے کہ انہیں امریکہ میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا جائے۔

نواز لیگ کے انتہائی بااعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ خطے میں قیام امن کیلئے ہمسایوں کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے بھارت، افغانستان، چین اور ایران کیساتھ وہ اپنے تعلقات بہتر بنائیں گے، جس پر امریکی سفیر نے چین اور ایران کے حوالے سے کچھ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر امریکہ کی لاہور میں قونصل جنرل نینا ماریا فائٹ سمیت سفارتخانے کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے جبکہ نواز لیگ کی جانب سے میاں شہباز شریف، اسحق ڈار، سلمان شہباز شریف اور دیگر رہنما موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 263756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش