0
Tuesday 14 May 2013 19:12

ایم ڈبلیو ایم کا الیکشن میں ہونیوالی دھاندلی پر وائیٹ پیپر جاری کرنیکا اعلان

ایم ڈبلیو ایم کا الیکشن میں ہونیوالی دھاندلی پر وائیٹ پیپر جاری کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں انتخابات میں اپنے اْمیدواروں کے ساتھ ہونے والی بدترین دھاندلی پر وائٹ پیپر جاری کرے گی۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان مظاہر شگری کے مطابق 15 مئی بروز بدھ 4 بجے پولیٹیکل سیکرٹریٹ مسلم ٹاون لاہور میں مرکزی رہنما اور علمائے کرام ایک بھرپور پریس کانفرنس کریں گے جس میں کراچی اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین کے اْمیدواروں کے ساتھ منظم اور بدترین دھاندلی کیخلاف حقائق میڈیا کے سامنے لائیں گے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تاریخی ناکامی و نااہلی کے ثبوت بھی پیش کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن میثاق جمہوریت کے عین مطابق انجینئرڈ الیکشن تھا یعنی پانچ سال ایک پارٹی ملک کو لوٹے گی اس دوران دوسری خاموش رہے گی اور اگلے پانچ سال دوسری پارٹی لوٹ مار کرے گی جبکہ پہلی پارٹی خاموش رہے گی۔ مظاہر شگری نے مزید بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے اْمیدواروں نے ملکی تاریخ میں کسی شیعہ جماعت کے پلیٹ فارم سے ریکارڈ ووٹ حاصل کئے لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمارے اْمیدواروں کے نتائج جو ریٹرنگ آفیسرز نے اپنے دستخط کیساتھ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو دیئے تھے، ان کے برعکس بوگس اعداد و شمار کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیئے۔ 

مظاہر شگری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ جانبدارانہ رویہ نہ صرف اس کی نااہلی کو ظاہر کر رہا ہے بلکہ یہ کھلم کھلا اور منظم طریقے کیساتھ مجلس وحدت مسلمین کو کارنر کرنے کی سازش ہے جو انشاءاللہ ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ کل کی پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے قائدین حقائق سے پردہ اٹھائیں گے اور انجینئرڈ الیکشن کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لاکھوں اہل تشیع کے جذبات مجروح کئے گئے ہیں، ہم ان بوگس اعداد و شمار کو تسلیم نہیں کرتے۔
خبر کا کوڈ : 263839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش