0
Wednesday 15 May 2013 13:27

کراچی کے 7 حلقوں میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، علامہ مختار امامی

کراچی کے 7 حلقوں میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، علامہ مختار امامی
اسلام ٹائمز۔ کراچی این اے 252،257،253، پی ایس 117،126،127 پر فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے ٹھپہ مافیا کی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ مختار امامی نے کراچی وحدت ہاؤس میں خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی کابینہ کے رکن عبد اللہ مطہری، سیکرٹری جنرل کراچی علامہ صادق رضا تقوی، علامہ محمد حسین کریمی، علامہ علی انور جعفری، علامہ دیدار علی جلبانی، اصغر عباس زیدی، ڈاکٹر حسن جعفر، شاکر علی راؤجانی، آصف صفوی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شفاف انتخابات کے دعوے دھرے رہ گئے اور اس بار کراچی سمیت پورے سندھ میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی جس کی بڑی وجہ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملے کا نہ پہنچنا، رات ہی رات میں لسٹوں کا غائب ہو جانا اور پولنگ اسٹیشنز پر مسلح دہشت گردوں کا قبضہ کرنا ہے۔ ستم بالائے ستم یہ کہ پہلے تو بعض حلقوں میں بدمعاشی، دھونس اور دھاندلی کے سہارے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی اور رہی سہی کسر الیکشن کمیشن نے 3 روز تک انتخابی نتائج روک کر اس میں من مانی تبدیلیاں کرکے نکال دی، کراچی، اندرونِ سندھ اور پنجاب میں کھلی دھاندلی آزاد نگراں حکومت، خودمختار الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، تمام ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا اور کراچی کے شہریوں سمیت پورا پاکستان انتخابی عمل میں دھاندلی اور مینڈیٹ کی پامالی پر نوحہ کناں ہے، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سب اچھا ہے کا راگ الاپ کر محب وطن پاکستانیوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سارا ڈرامہ پہلے سے طے شدہ تھا، جسے عملی جامہ پہنانے کے لئے انتخابات کا ڈھونگ رچایا گیا، کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ، سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ نواز نے عوامی حق رائے دہی کا جو مذاق اڑایا، تاریخِ پاکستان میں اس کی مثال نہیں ملتی اور افسوس ناک امر تو یہ ہے کہ ان تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما انتہائی بےغیرتی اور ڈھٹائی کے ساتھ اپنے ان کرتوتوں پر پردے ڈال رہے ہیں جو انہوں نے 11 مئی کو انجام دیئے۔ علامہ امامی کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان بھر کے جن حلقوں خصوصاً کراچی این اے 252،257،253، پی ایس 117،126،127 میں پاک فوج کی زیر نگرانی جلد از جلد دوبارہ انتخابات منعقد کروائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 264087
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش