0
Wednesday 15 May 2013 13:56

پی ٹی آئی کے بغیر حکومت بنائیں گے، اکرم خان درانی

پی ٹی آئی کے بغیر حکومت بنائیں گے، اکرم خان درانی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلٰی اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وہ دیگر تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک مضبوط حکومت قائم کریں گے جس میں تحریک انصاف شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے کہ وہ حکومت سازی کرے اور اپنے ساتھ اراکین کو ملائے لیکن ہم بھی اپنے طور پر کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ دو روز میں یہ واضح ہو جائے گا کہ ماسوائے تحریک انصاف کے باقی تمام سیاسی جماعتیں بشمول اے این پی اور پی پی پی ایک ساتھ بیٹھی ہوں گی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے پاس صوبے کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ اکرم درانی کے مطابق اگر یہاں کمزور حکومت ہوگی تو وہ اس صوبے کو درپیش مسائل حل نہیں کرسکے گی۔ درانی کے مطابق مرکز اور صوبے میں ہم آہنگی ہونی چاہیئے تاکہ یہاں امن و امان کے حوالے سے ان تمام مسائل کا حل ڈھونڈا جائے جن کا تعلق قبائلی علاقوں سے ہے اور اس کا حل کسی اور کے پاس نہیں ہے بلکہ صرف مولانا فضل الرحمان کے پاس ہے۔ 

اکرم درانی نے اپنی گفتگو میں یہ ذکر بھی کیا ہے کہ یہاں ایسی حکومت ہونی چاہیے جو پڑوسی ملک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھ سکے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے قائدین بھی حکومت سازی کے عمل میں سرگرم ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے سینیئر رہنما پرویز خٹک اور جماعت کے صوبائی صدر اسد قیصر نے گذشتہ روز لاہور میں جماعت کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ ان ملاقاتوں میں حکومت سازی پر بات چیت ہوئی ہے اور عمران خان کو تمام رابطوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ ان مذاکرات میں جماعت کی جانب سے پارلیمانی لیڈر کے تعیناتی پر بات چیت ہوئی ہے لیکن اب تک کوئی واضح بیان جماعت کی طرف سے جاری نہیں ہوا ہے۔

جماعت اسلامی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی جماعت قومی وطن پارٹی اب تک یہ واضح اعلان نہیں کر پائی کہ وہ حکومت سازی کے لئے کس جماعت کا ساتھ دیں گے۔ ادھر انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد اراکین بھی اب تک یہ طے نہیں کر سکے کہ آیا وہ کسی جماعت میں شامل ہوں یا وہ انفرادی طور پر آزاد رکن کی حیثیت سے اسمبلی میں اپنا کردار ادا کریں اور یا وہ کسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کردیں۔ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی جماعت حکومت سازی کے لئے واضح اکثریت حاصل نہیں کر پائی تاہم پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ نشتیں جیتنے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 264109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش