QR CodeQR Code

الیکشن میں بیرونی قوتوں کو کامیابی ہوئی، محب وطن قوتوں کو کارنر کر دیا گیا، ناصر شیرازی

15 May 2013 21:48

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں قبل از پولنگ دھاندلی، دوران پولنگ دھاندلی اور بعد از پولنگ دھاندلی کیلئے تمام ذرائع استعمال کئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل عبدالخالق اسدی سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات اور تجارت ہونی چاہیے لیکن مسئلہ کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے اور بھارت کے ساتھ جو بھی مذاکرات ہوں وہ برابری کی سطح پر ہوں، کراچی میں دوبارہ فوج کی نگران میں الیکشن کرائے جائیں، 11 مئی 2013ء کو ہونے والے الیکشن کو تاریخ کی بدترین انجینئرڈ دھاندلی سے تعبیر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال تک بہت ساری حقیقتیں سامنے آکر الیکشن کے تمام مراحل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیں گی۔ اس الیکشن میں قبل از پولنگ دھاندلی (Pre Poll Rigging) دوران پولنگ دھاندلی (During Poll Rigging) اور بعد از پولنگ دھاندلی (After Poll Rigging)کیلئے تمام ذرائع استعمال کئے گئے اور یوں ایک مخصوص پارٹی کو بھاری مینڈیٹ کے ساتھ نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بار بار میڈیا پریس کانفرنسز اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کے باوجود اندرونِ سندھ ، ڈیرہ غازی خان اور کوئٹہ سمیت ملک کے کئی علاقوں میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مجلس وحدت مسلمین سمیت کئی سیاسی پارٹیوں کے پولنگ ایجنٹوں کو رسائی نہیں دی گئی۔

رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کے حلقوں کے علاوہ اندرون سندھ لاڑکانہ، خیر پور میرس، سکھر، بدین میں یہی صورتحال رہی، خیر پور میرس میں نارو کے پولنگ سٹیشن پر فنگشنل لیگ کے علاوہ کوئی بھی امیدوار جانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ سرگودھا حلقہ پی پی 34، ڈیرہ غازی خان حلقہ پی پی 245، جھنگ پی پی 82، فیصل آباد پی پی 66، ٹوبہ ٹیک سنگھ پی پی 86، سیالکوٹ پی پی 121، 124، راجن پور NA 174، میں درجنوں پولنگ اسٹیشنز پر مجلس وحدت مسلمین کے پولنگ ایجنٹس کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حق کے حصول کے لئے عدالت سے رجوع کریں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن میں بیرونی قوتوں نے کامیابی حاصل کی ہے اور محب وطن قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا ہے۔ مختلف سوالوں کے جواب میں سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے وہاں دوبارہ الیکشن کروائے جائیں اور الیکشن کمیشن کے دھاندلی میں استعمال ہونے والے اسٹاف کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ پریس کانفرنس کے آخر میں صحافیوں کو کراچی کے پولنگ اسٹیشن پر ہونیوالی دھاندلی کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی دکھائی گئی، جس میں دکھایا گیا کہ پریڈائیڈنگ افسر نے ایم کیو ایم کا بیج لگا رکھا تھا جبکہ ووٹرز کو انتخابی نشان پتنگ پر لگی ہوئی مہروں والے بیلٹ پیپر دیئے گئے جو دھاندلی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔


خبر کا کوڈ: 264293

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/264293/الیکشن-میں-بیرونی-قوتوں-کو-کامیابی-ہوئی-محب-وطن-کارنر-کر-دیا-گیا-ناصر-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org