0
Thursday 16 May 2013 19:36

پاکستان توڑنے کی دھمکیوں پر اداروں کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے، کاشف مغل

پاکستان توڑنے کی دھمکیوں پر اداروں کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے، کاشف مغل
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ پاکستان توڑنے کی دھمکیوں پر اداروں کی پراسرار خاموشی اور حکومت کی غیر سنجیدگی سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کی پرورش طاقت و اقتدار کے ایوانوں میں ہو رہی ہے۔ دھاندلی کے بعد ملکی سالمیت کے خلاف بیان ”چوری اور سینہ زوری“ ہے جس کا نوٹس لے کر کراچی کو دہشت گردوں سے پاک اور ملک کو عدم استحکام سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر ڈیفنس کے مختلف علاقوں سے آنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 250 کے حوالے سے شور شرابہ دراصل کراچی بھر میں کی جانے والی دھاندلی سے توجہ ہٹانے اور کراچی کو علیحدہ کرکے ”جناح پور“ بنانے کی بیرونی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش ہے۔ کاشف مغل نے کہا کہ کراچی کسی کی جاگیر ہے نہ کیک کا ٹکڑا جو آسانی سے ہضم کر لیا جائے۔ بانیان ِ پاکستان کی اولادیں کراچی پر قابض دہشت گردوں کو جواب دینے اور ناپاک عزائم خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ مہاجر کارکنان و عوام کراچی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔
 
کاشف مغل نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے اور بیلٹ پیپرز پر زبردستی ٹھپے نہ صرف انتخابات کے نام پر دھبہ تھے بلکہ الیکشن کمیشن کی ساکھ بھی داﺅ پر لگی ہوئی ہے جس کا ازالہ کراچی میں دوبارہ انتخابات کرائے بغیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ انتخابی نتائج قبول کرتی ہے نہ دوبارہ الیکشن کرانے کے مطالبے سے دست بردار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر ایک بار پھر بھتہ خوروں کے نرغے میں دیا جا رہا ہے لیکن مہاجر قومی موومنٹ اس سازش کا راستہ روکنے کیلئے پرعزم ہے اور عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر جشن منانے والوں کا راستہ روکنے کیلئے سیاسی و جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر مہم چلا رہے ہیں۔ عوام مٹھی بھر دہشت گردوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے تیار رہیں۔
خبر کا کوڈ : 264639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش