QR CodeQR Code

گوادر پورٹ اور پاک ایران گیس منصوبوں سے بعض لوگوں کو تکلیف ہے، شرجیل میمن

17 May 2013 12:50

اسلام ٹائمز: مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں ہماری واضح اکثریت ہے لہٰذا وزیراعلیٰ بھی ہمارا ہوگا لیکن مفاہمتی پالیسی کے تحت ایم کیو ایم کیلئے اتحاد کے دروازے کھلے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور پی ایس 50 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے لہٰذا وزیراعلیٰ بھی ہمارا ہی ہوگا۔ سندھ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ اصلی ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن جائے۔ سندھ میں دوبارہ الیکشن کا کہا گیا تو پنجاب میں بھی ہم دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کریں گے۔ پاکستان میں فری اینڈ فیئر جبکہ پنجاب میں صرف فری الیکشن ہوئے۔ سسٹم کو ڈی ریل کرنا ہوتا تو ہم پنجاب میں احتجاج کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
 
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہیں۔ سندھ میں انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ دھاندلی کا شور مچانا ”چور مچائے شور“ والی بات ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ ملا ہے۔ ہم ہی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں فری اینڈ فری الیکشن ہوئے ہیں جبکہ پنجاب میں صرف فری الیکشن ہوئے تاریخ پنجاب کے نتائج سے پردہ ضرور اٹھائے گی۔ ہمارے پاس دھاندلیوں کے ثبوت موجود ہیں لیکن میڈیا کے سامنے شکایات نہیں کرنا چاہتے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ انتخابات میں عوام ہمارے ساتھ تھے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ اصلی ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ الیکشن کمیشن جائے۔ سیاسی جماعتیں سندھ میں دھاندلی کا ڈھول پیٹنا بند کر دیں۔
 
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں اکثریت ہماری ہے لہذا وزیراعلیٰ بھی ہمارا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کیلئے اتحاد کے دروازے کھلے ہیں، سندھ میں مفاہمتی پالیسی کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ گوادر پورٹ چینی حکومت کے حوالے کرنے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے شروع کرنے سے بعض لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، یہ عظیم منصوبے پیپلز پارٹی کے کارنامے ہیں۔ کسی بھی ملک کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 264770

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/264770/گوادر-پورٹ-اور-پاک-ایران-گیس-منصوبوں-سے-بعض-لوگوں-کو-تکلیف-ہے-شرجیل-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org