0
Friday 17 May 2013 13:05

تمام مخالفین مل کر بھی پیپلز پارٹی کو نہیں ہرا سکتے، نتائج پر تحفظات ہیں، قائم علی شاہ

تمام مخالفین مل کر بھی پیپلز پارٹی کو نہیں ہرا سکتے، نتائج پر تحفظات ہیں، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کے تمام مخالفین مل بھی آ جائیں تو اسے ہرا نہیں سکتے، کئی حلقوں کے انتخابی نتائج پر تحفظات ہیں لیکن جمہوریت کی خاطر انتخابی نتائج قبول کئے۔ ہارنے والے شکست تسلیم کریں، یہی جمہوریت کا تقاضاہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی گولی اور تشدد کی سیاست نہیں کی۔ وہ ملکانی گروپ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء اور نو منتخب رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ٹھٹھہ سے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی محمد علی ملکانی، غلام قادر ملکانی اور عثمان ملکانی نے شیرازی گروپ کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مقابلے میں چاہے سندھ میں جتنا بڑا بھی اتحاد بن جائے اس کو پیپلز پارٹی کے مقابلے میں شکست کا ہی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نہ تو گولی کی سیاست کرتی ہے اور نہ ہی تشدد کی۔ سندھ میں احتجاج کرنے والے وہی ہیں جو نہیں چاہتے کہ صوبے میں امن قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ جہاں فتح پر جشن منائیں وہیں شکست پر اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے مد مقابل امیدوار کو بھی مبارکباد دی جائے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات پر بھی شدید تحفظات تھے اور تحریک انصاف وہاں دھاندلی کے خلاف احتجاج بھی کر رہی ہے لیکن ہماری جماعت نے ملک اور جمہوریت کے بہترین مفاد میں احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے مسلم لیگ (ن)کی کامیابی پر نواز شریف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا فنکشنل لیگ کی ہڑتال کا نہ تو کراچی میں کوئی اثر ہوا اور نہ ہی حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں۔ ان لوگوں کو چاہئے کہ انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کریں۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ الیکشن میں پیپلز پارٹی نے کبھی دھاندلی نہیں کی، صاف اور شفاف انتخابات کرانا نگراں حکومت کا کام ہے۔
خبر کا کوڈ : 264783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش