QR CodeQR Code

حکومت میں شمولیت کی دعوت مل گئی، قبولیت کا انتظار ہے، مولانا فضل الرحمان

18 May 2013 21:12

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت میں شراکت کی شکل، مقاصد اور پالیسیاں طے کرنا باقی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمیعت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت میں شمولیت کی دعوت مل گئی ہے، قبول کرنے کا فیصلہ مرکزی مجلس عاملہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بھی جھنڈے اور کرسی کی خواہش نہیں رہی۔ اسلام آباد میں ن لیگ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی جانب سے حکومت میں شمولیت کی دعوت مل گئی ہے، قبولیت کا انتظار ہے، رخصتی کی تاریخ کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی سوچ کبھی بھی اقتدار کے حصول کیلئے نہیں رہی، جھنڈے اور کرسی کے پیچھے نہیں بھاگے، ہمیشہ سنجیدہ سیاست کو فروغ دیا۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت میں شراکت کی شکل، مقاصد اور پالیسیاں طے کرنا باقی ہے، مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ان امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس سے پہلے وفاقی حکومت میں شمولیت سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے جے یو آئی ف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد جاری تھا کہ نون لیگ کا وفد بھی وہاں پہنچ گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ ظفرالحق نے کہا کہ جے یو آئی سے اتحاد پر مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے جو بات چیت ہوئی، لیگی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جتنی زیادہ جماعتوں کا تعاون حاصل ہو وہ اچھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سکیورٹی امور پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔ دنیا بھر میں حلف سے پہلے بریفنگ دی جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 265178

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/265178/حکومت-میں-شمولیت-کی-دعوت-مل-گئی-قبولیت-کا-انتظار-ہے-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org