QR CodeQR Code

کراچی میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کی خاتون رہنماء زہرا شاہد حسین جاں بحق، مبینہ دہشتگردوں کی گرفتاری کی اطلاع

19 May 2013 00:27

اسلام ٹائمز: انتہائی باخبر ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا ہے کہ زہرا شاہد حسین کے قتل میں ملوث ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو سے تین دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیفنس فیز 4 کراچی میں گھر کے باہر فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف سندھ خواتین ونگ کی خاتون رہنماء جاں بحق ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کی خاتون رہنماء کی شناخت زہرا شاہد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔  جاں بحق ہونے والی خاتون رہنماء کسی جگہ سے گھر واپس لوٹیں تھیں کہ دروازے پر کھڑے نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ انہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔ انہیں سر پر دو گولیاں ماری گئیں۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق زہرا شاہد حسین تحریک انصاف سندھ خواتین ونگ کی سینئر نائب صدر تھیں۔ زہرا شاہد حسین کی نوکرانی نے پولیس کو بتایا کہ دہشت گردوں کے آنے پر زہرا شاہد حسین نے انہیں ڈکیت سمجھ کر انہیں فوراَ اپنا موبائل اور پرس دے دیا مگر دہشت گردوں نے ان کے سر پر گولیاں مار دیں۔
 
اسلام ٹائمز کو انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ زہرا شاہد حسین کے قتل میں ملوث ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو سے تین دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک اس حوالے سے کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف میں اسلام ٹائمز کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماء اور کارکنان کی اکثریت کراچی میں اثر و رسوخ رکھنے والی ایک سیاسی جماعت کو زہرا شاہد حسین کے قتل میں ملوث قرار دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ 19 مئی بروز اتوار کراچی کے حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ ہو گی۔ متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی، مجلس وحدت مسلمین کے بائیکاٹ کے بعد اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کے جیتنے کے واضح امکانات ہیں۔


خبر کا کوڈ: 265263

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/265263/کراچی-میں-فائرنگ-سے-پی-ٹی-آئی-کی-خاتون-رہنماء-زہرا-شاہد-حسین-جاں-بحق-مبینہ-دہشتگردوں-گرفتاری-اطلاع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org