QR CodeQR Code

بھارت نے کشمیریوں کی زندگیوں کو دائو پر لگا رکھا ہے، میر واعظ

19 May 2013 10:49

اسلام ٹائمز: بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم چھ دہائیاں گزرنے کے باوجود اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر کو بھارت کی وعدہ خلافیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ1947ء میں برصغیر کی تقسیم کے وقت کشمیر قدرتی طور پر پاکستان کا حصہ تھا۔ میر واعظ نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم چھ دہائیاں گزرنے کے باوجود اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کی وعدہ شکنیوں کی وجہ سے اس وقت جنوبی ایشیا کے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرکے ہی خطے میں مستقل امن کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں بھارتی پولیس کی طرف سے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی پندرہویں کور نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر سے مسلح افراد کے ایک گروپ نے بھارتی علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران شدید تصادم ہوا۔ بھارتی فوج نے کہا ہے کہ اس تصادم میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا ہے۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ دراندازی کی یہ کوشش جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کو شمالی کشمیر کے ماڑھیل سیکٹر میں کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 265332

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/265332/بھارت-نے-کشمیریوں-کی-زندگیوں-کو-دائو-پر-لگا-رکھا-ہے-میر-واعظ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org