0
Sunday 19 May 2013 18:19

این اے 250 میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

این اے 250 میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ سٹیشنز میں پولنگ کا ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی کو برتری حاصل ہے۔ کراچی میں حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے، ووٹنگ کے دوران پولنگ بوتھ پر فوج اور رینجرز کا عملہ تعینات رہا جبکہ فوج نے بھی گشت جاری رکھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ رات کو ہی این اے 250 میں دوبارہ پولنگ کیلئے عملہ اور انتخابی سامان منتقل کر دیا گیا تھا۔ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر اور اندر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات ہے۔ پولنگ شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی تاہم پولنگ سٹیشنز کے اندر موجود افراد اب بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔

آج ووٹرز میں اتنا جوش و خروش دیکھنے میں نہیں آیا جو جوش و خروش گیارہ مئی کو دیکھنے کو ملا تھا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے این اے 250 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 138 اور 178 ان پولنگ اسٹیشن میں شامل ہی نہیں جہاں دوبارہ پولنگ ہوئی ہے۔ مخصوص اسٹیشنز پر پولنگ کے فیصلے کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین نے پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس حلقے کی صوبائی نشستوں پی ایس 112 اور پی ایس 113 کے لیے بھی ان ہی پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 265476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش