QR CodeQR Code

کراچی کی صورتحال پر تحریک انصاف اے پی سی بلائے گی، شاہ محمود قریشی

21 May 2013 15:22

اسلام ٹائمز: پیر پگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ زہرہ شاہد کا تحریک انصاف سے لاتعلق ہونے کا ایم کیو ایم کا الزام بے بنیاد ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 23 مئی کو کراچی کی صورت حال پر کل جماعتی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم جگہ کا فی الحال تعین نہیں کیا گیا ہے۔ سندھ، وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ یہ ہمارا اصولی فیصلہ ہے۔ عمر کوٹ اور تھرپارکر کے 33 پولنگ اسٹیشنوں پر اسی طرح دوبارہ پولنگ کے انتظامات کیے جائیں، جس طرح این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں کیلیے کیے گئے تھے۔ زہرہ شاہد کا تحریک انصاف سے لاتعلق ہونے کا ایم کیو ایم کا الزام بے بنیاد ہے وہ اب بھی پارٹی کی صوبائی نائب صدر تھیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا سے ان کی رہائش گاہ راجہ ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ 11 مئی کے عام انتخابات میں سندھ و پنجاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد اور ان کی جماعت کی طرف سے زہرہ شاہد کے تحریک انصاف سے الگ یا ناراض ہونے کا الزام بے بنیاد ہے وہ قتل کے وقت بھی پارٹی کی نائب صدر تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم وفاق، پنجاب اور سندھ میں مثبت اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے جو ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔


خبر کا کوڈ: 266055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/266055/کراچی-کی-صورتحال-پر-تحریک-انصاف-اے-پی-سی-بلائے-گی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org