0
Tuesday 21 May 2013 23:38

پی پی7 اور پی پی9 پر نون لیگ کی درخواستیں مسترد، پی پی6 پر سماعت کل ہوگی

پی پی7 اور پی پی9 پر نون لیگ کی درخواستیں مسترد، پی پی6 پر سماعت کل ہوگی
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی سات اور پی پی نو سے تحریک انصاف کے کامیاب امیدواروں کے خلاف نون لیگ کے رہنماؤں کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے پی پی چھ سے چوہدری نثار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس اعجاز احمد نے حلقہ پی پی 7 سے تحریک انصاف کے صدیق خان اور پی پی 9 سے آصف محمود کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت نون لیگ کے چوہدری نثار علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر کامیابی کے اعلان کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا مجاز نہیں۔ الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کی جائے کہ الیکشن کمیشن میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک صدیق خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔

پی پی 9 سے مسلم لیگ نون کے چوہدری ایاز نے موقف اختیار کیا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر78 میں پی ٹی آئی کے آصف محمود کے ووٹوں کی تعداد دو سو پچانوے سے تبدیل کرکے چار سو تیرہ کر دی گئی۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی تک آصف محمود کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔ عدالت نے دونوں درخواستیں مسترد کر دیں۔ پی پی6 سے تحریک انصاف کے امیدوار واثق قیوم عباسی نے چوہدری نثار علی خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کی ہے، جس پر عدالت نے الیکشن کمشن، ریٹرننگ آفیسر اور چوہدری نثار علی خان سمیت اور تمام اکیس امیدواروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت بائیس مئی تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 266219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش