QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال سے زندگی متاثر، عیدگاہ چلو مارچ ناکام بنایا گیا

22 May 2013 09:48

اسلام ٹائمز: عیدگاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں پر پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی جبکہ عیدگاہ میں بنائے گئے اسٹیج کو بھی منہدم کیا گیا اور پورے علاقے کو پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے سیل کر رکھا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس نے پائین شہر میں پابندیاں عائد کرکے جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کی عیدگاہ تقریب کو ناکام بناتے ہوئے کئی لیڈران کو خانہ نظر کر دیا جبکہ ہڑتال کے دوران چند ایک مقامات پر پتھراو ہوا اور پلٹ گن سے ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا جس کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے، حریت کانفرنس (م) کی طرف سے میرواعظ مولوی محمد فاروق اور عبد الغنی لون کی برسیوں کے موقعہ پر دی گئی ہڑتال کال سے وادی میں معمول کی زندگی متاثر ہوکر رہ گئی، ریاست کے معروف سیاسی و مذہبی رہنما، شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون مرحوم کے یوم وصال کی مناسبت سے حریت کانفرنس (م) کی طرف سے اعلان کردہ عیدگاہ چلو پروگرام اور مزار شہداء پر یادگاری تقریب کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے منگل کو پائین شہر میں سیکورٹی کے اضافی انتظامات کروائے تھے جس کے تحت حساس علاقوں کے علاوہ عیدگاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں پر پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی جبکہ عیدگاہ میں بنائے گئے اسٹیج کو بھی منہدم کیا گیا اور پورے علاقے کو پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے سیل کر رکھا تھا۔

مجوزہ پروگرام کو گذشتہ دو برسوں کی طرح اس سال بھی ناکام بنادیا گیا، مولانا مرحوم کے جاں بحق ہونے کے بعد یہ تیسرا موقعہ تھا جب حریت کانفرنس (م) کو ان کی برسی کے سلسلے میں عوامی جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، حریت کی طرف سے کسی بھی علاقہ سے جلوس نکالنے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے سوموار کی شام میرواعظ عمر فاروق کے علاوہ مولانا عباس انصاری، شبیر احمد شاہ، آغا سید حسن، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، مسرور عباس اور حریت کانفرنس (م) کے میڈیا صلاح کار شاہد السلام کو گھروں میں نظر بند کردیا، حریت کانفرنس (م) کی سربراہ برائے شعبہ خواتین اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ کی قیادت میں خواتین کی ایک جمعیت نے میرواعظ چوک راجوری کدل سے ایک جلوس نکالنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکا م بنایا، اس دوران کچھ ایک مقامات پر عیدگاہ کی طرف مارچ کرتے ہوئے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، شام کے وقت اونتہ بھون صورہ میں پولیس اور احتجاجی نوجوانوں کے مابین شدید جھڑپ ہوئی جس کے دوران سہیل احمد نامی ایک نوجوان شدید طور پر زخمی ہوا، اسے فوری طور پر صورہ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اسکی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 266261

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/266261/مقبوضہ-کشمیر-میں-ہڑتال-سے-زندگی-متاثر-عیدگاہ-چلو-مارچ-ناکام-بنایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org