QR CodeQR Code

پاکستان میں امریکہ مردہ باد کے شعار کی موجد آئی ایس او ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

22 May 2013 20:31

اسلام ٹائمز: ایک پیغام میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ میں پاکستان میں موجود تمام برادران امامیہ سے گزارش کرتا ہوں کہ شہید ڈاکٹر نقوی کے افکار و نظریات کو اپنی زندگی کا محور قرار دیں۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے بابرکت شجر طیبہ سے وابستہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے حقیقی وارثوں کو آئی ایس او کے 41 ویں یوم تاسیس پر صمیم قلب سے ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور بارگاہ ایزدی میں دعاگو ہوں کہ اس شجرِ ثمر آور کو ہمیشہ سرسبز و شاداب رکھے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 41 ویں یوم تاسیس کے پر مسرت موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت پاکستان کو فخر ہونا چاہیئے کے خدا نے اس سرزمین پر حقیقی عاشقان ولایت کا ایک ایسا گروہ پروان چڑھایا ہے کہ جس کی بدولت آج اس سرزمین عزیز کی جانب دشمن آنکھ اٹھا کر دیکھنے سے بھی خوف زدہ ہوتا ہے، کتنے ہی موسم آئے اور چلے گئے، کتنی ہی آندھیاں آئی اور تھم گئیں، لیکن اس بحر بیکراں میں طلاطم بھی برپا نہ کرسکیں اور آج الحمداللہ چار دہائیاں گزر جانے کے باوجود بھی یہ باغ سرسبز، شاداب و آباد ہے اور معاشرتی ناہمواریوں، ظلم، بے راہ روی، فحاشی و انتشار کے ماحول میں بھی جوانوں کے لئے ایک شجر سایہ دار کی مانند موجود ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ سرزمین وطن پر استعماری اور استکباری سازشوں کا طشت ازبام کرنا بھی اسی الٰہی گروہ کا خاصہ رہا ہے، امریکہ مردہ باد کے شعار کی پاکستان میں موجد بھی یہی آئی ایس او ہے۔ جب بھی کبھی عالمی استعمار کے خلاف رہبر معظم نے اپنی آواز کو پاکستان میں پہنچانا چاہا اسی آئی ایس او کے جوانوں پر بھروسہ کیا، میں پاکستان میں موجود تمام برادران امامیہ سے گزارش کرتا ہوں کہ شہید ڈاکٹر نقوی کے افکار و نظریات کو اپنی زندگی کا محور قرار دیں اور اس شجر طیبہ جس کا بیج اس عظیم شہید نے بویا تھا، اس کی آبیاری کے لئے اپنے خون کو آمادہ و تیار رکھیں۔


خبر کا کوڈ: 266548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/266548/پاکستان-میں-امریکہ-مردہ-باد-کے-شعار-کی-موجد-آئی-ایس-او-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org