0
Thursday 23 May 2013 18:57

نواز شریف نے چین سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں تعاون مانگ لیا

نواز شریف نے چین سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں تعاون مانگ لیا
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے چین سے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں تعاون مانگ لیا۔ چین نے پاکستان کو توانائی بحران حل کرنے کیلئے مدد کی پیشکش کر دی۔ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے میاں نواز شریف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف، چوہدری نثار، اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور، خطے کی صورتحال اور سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے معاہدوں پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں ملک ہے، چین پاکستان میں توانائی کے منصوبے شروع کرے۔ نواز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کو امداد نہیں، چین کے تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں معاشی ترقی اور انفراسٹرکچر کیلئے چین تعاون فراہم کرے۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ منصوبے کی طرز پر نئے منصوبے شروع کئے جائیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، چین نے ہر مصیبت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ مضبوط، مستحکم چین خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا توانائی بحران کے خاتمے کیلئے چین پاکستان کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی فراہم کرے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ گوادر پورٹ جلد آپریشنل ہو۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں امن و خوشحالی چاہتا ہے۔ چینی وزیراعظم نے نواز شریف کو دورہ چین کی بھی دعوت دی۔ اس سے پہلے لی کی چیانگ نے مسلح افواج کے تینوں سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقات کی، جس میں دفاعی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 266852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش