0
Friday 24 May 2013 14:19

اشیائے صرف پر ٹیکس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی، محمد حسین محنتی

اشیائے صرف پر ٹیکس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے نگراں حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے منی بجٹ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکامی پر منی بجٹ پیش کرنا عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کرنا عوام کا معاشی قتل عام ہے، اس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آجائے گا اور عوام کی زندگی جو پہلے ہی مصائب و مشکلات سے دوچار ہے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی عاقبت نا اندیشانہ پالیسیوں کے نتیجے میں پہلے ہی ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا سیلاب ہے، عوام بنیادی ضروریات زندگی تک سے محروم ہیں، مہنگائی کی شرح آسمان کو چھو رہی ہے، غریب عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہوگیا ہے ایسے میں منی بجٹ پیش کرنا اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کرنا عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ نئی حکومت کے قیام میں صرف چند دن رہ گئے ہیں، عبوری حکومت کو عوام دشمنی پر مبنی ایسے اقدام سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنیادی اشیاء صرف پر جی ایس ٹی میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیا جائے اور آنے والی حکومت جی ایس ٹی میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کردے۔
خبر کا کوڈ : 267042
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش