0
Friday 24 May 2013 14:26

پاک چین دوستی امن، خیر سگالی اور خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کی ضمانت ہے، ثروت اعجاز قادری

پاک چین دوستی امن، خیر سگالی اور خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کی ضمانت ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جفاکش اور محنتی ہیں، ملک سے بحرانوں کو ختم کرنے اور ملک کے استحکام کیلئے اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر بھی ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں مگر افسوس ابھی تک جو قیادتیں آئیں انہوں نے عوام سے وفا نہیں کی اور عوامی مسائل جوں کے توں رہے، دہشتگردی، مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ ہوا مظلوم غریب عوام فاقہ کشی کے ہاتھوں خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے، ان سب مظالم کے باوجود ملک کے عوام پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں، اب نئی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں سے دولت واپس لیکر ملک کے خزانے میں لائیں اور لٹیروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر کراچی یونیورسٹی کے طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم کا توانائی کے بحران کو ختم کرنے میں مدد کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک چین دوستی امن، خیر سگالی اور خطے میں دہشتگردی کے خاتمے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی پاک چین دوستی پر فخر کرتے ہیں۔ پی ایس ٹی کے سربراہ نے کہا کہ ملک کی نئی قیادت آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنائے کیونکہ آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کو مستحکم اور جرائم کو جڑ سے ختم کرنے کی ضمانت ہے، اپوزیشن کا کام حکومت کی نظریں عوام کے مسائل اور ملک کو درپیش چیلنجز کی طرف مبذول کرانا ہے، موجود حالات میں امید ہے کہ اپوزیشن مثبت کردار ادا کریگی، ملک کی نئی حکومت عوام کے مسائل کے حل اور چیلنجز سے مقابلہ کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔
خبر کا کوڈ : 267046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش