0
Wednesday 29 May 2013 09:16

لوڈشیڈنگ، آزاد کشمیر کے عوام سے سنگین زیادتی ہو رہی ہے، سردار یعقوب

لوڈشیڈنگ، آزاد کشمیر کے عوام سے سنگین زیادتی ہو رہی ہے،  سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد ریاست سردار محمد یعقوب خان نے آزاد کشمیر میں بدترین لوڈشیڈنگ اور اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے، توڑ پھوڑ اور مظاہرین پر پولیس تشدد کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ آزاد کشمیر بھر میں لوڈشیڈنگ کے تدارک کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزارت پانی و بجلی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان، ایسکو، پسکو اور گیسکو سربراہان اور محکمہ برقیات آزاد کشمیر کے حکام سے بھی کہا ہے کہ بجلی کے حوالے سے آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ سنگین زیادتی ہو رہی ہے، فوری ازالہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے فرق کو ختم کیا جائے۔ کشمیری عوام مزید زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔ 

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر سے 2 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گریڈ میں شامل کی جا رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کی بجلی کی مجموعی ضرورت 300 سے 350 میگاواٹ سے زیادہ نہیں ہے۔ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 1 ماہ سے وفاقی وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق سمیت تمام متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے اصلاح احوال کے لیے کہہ چکا ہوں لیکن صورتحال میں کوئی فرق نہیں آیا اور اب عوام مظاہروں، دھرنوں اور توڑ پھوڑ پر اتر آئے ہیں۔ اگر میری باتوں پر کان دھرا جاتا تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ انھوں نے کہا کہ اب ایسی صورتحال کا مقبوضہ کشمیر میں منفی تاثر جائے گا جو تحریک آزادی کے لیے اچھا پیغام نہیں۔ صدر آزاد ریاست نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن اور خوشگوار ماحول تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرپور میں ہنگامہ آرائی اور شدید احتجاج کے بعد لوڈشیڈنگ سے استثنٰی  کا  نوٹیفکیشن کا اجرا اگر اس سے پہلے ہوتا تو کتنا اچھا ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم دیگر علاقوں کے لیے حوالے سے بھی اسی نوعیت کا نوٹیفکیشن جاری کرائیں۔

خبر کا کوڈ : 268503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش