0
Wednesday 29 May 2013 19:46

نواز شریف کو گفت و شنید کے بجائے دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کرنا چاہئیے، کاشف مغل

نواز شریف کو گفت و شنید کے بجائے دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کرنا چاہئیے، کاشف مغل
اسلامٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کے جوائنٹ سیکریٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کیلئے جمہوریت کا تسلسل اہمیت ضرور رکھتا ہے لیکن اگر عوام میں بے چینی موجود ہو، انہیں جان و مال کی تباہی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہو تو پھر ملکی سرحدیں تک تبدیل ہو جاتی ہیں۔ دنیا میں ایسی بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ جہاں عوام نے حکمرانوں سے مایوس ہو کر اپنے مسائل بذات خود طاقت کے ذریعے حل کرنا چاہے جس کا نتیجہ انارکی کی صورت میں نکلا۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر کورنگی صنعتی ایریا سے آنے والے صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کاشف مغل نے کہا کہ دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں، توانائی بحران کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافے اور دہشت گرد جماعت متحدہ کی اقتدار میں شراکت کی کوششوں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں میں شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔
 
کاشف مغل کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اسمبلی میں سادہ اکثریت رکھنے کے باوجود اگر دہشت گرد جماعت متحدہ کو اقتدار میں شریک کرتی ہے تو یہ کراچی کے مقدر پر تباہی کی مہر لگانے جیسا ہوگا جس کا خمیازہ شہر میں بسنے والوں کو بھگتنا پڑے گا۔ کاشف مغل نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران ساڑھے گیارہ ہزار سے زائد ہلاکتیں، دو ہزار سے زائد صنعتوں کی دوسرے شہروں اور بیرون ملک منتقلی، بیرونی سرمایہ کاری کی بندش اور انفراسٹرکچر کی تباہی کی وجہ سے ریوینیوں میں بدترین کمی، نوجوانوں کو نشے اور اسلحہ کا اسیر بنا کر قوم کا مستقبل تاریک کرنے جیسے اقدامات متحدہ قومی موومنٹ کے کارنامے ہیں جسے مدنظر رکھتے ہوئے آنے والی حکومت کو دہشت گرد جماعت سے گفت و شنید کرنے کے بجائے فیصلہ کن آپریشن کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کا مطالبہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ میاں نواز شریف کراچی کا امن بحال کرنے کیلئے جتنے سرگرم بیانات انتخابات سے قبل دیتے رہے اب ان پر عمل درآمد کا وقت ہے۔ نواز شریف کراچی کا امن بحال کرکے تاریخ میں اپنا نام لکھوا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 268784
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش