QR CodeQR Code

پاکستانی میڈیا اسلامی کلچر کو فروغ دے، اسلامی جمعیت طلبہ

29 May 2013 20:40

اسلام ٹائمز:پنجاب یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مغربی ثقافت کو پرموٹ کیا جا رہا ہے جن ڈراموں پر ترکی میں پابندی ہے، گہری سازش کے تحت ان کی نمائش پاکستان میں کی جار ہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ٹاک شو بعنوان پاکستانی میڈیا معاشرتی بگاڑ کا سبب ہے ؟ اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے معروف صحافی مختار عالم، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی حافظ نعمان ظفر اور ناظم علاقہ وسطی بہرام سعید تھے, مختار عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا دنیا بھر کا واحد میڈیا ہے جس نے ہر میدان میں ناموس رسالت(ص) جیسے ایشو کو نمایاں کیا جو کہ اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں آزاد میڈیا کے نقصانات ہیں تو وہاں اس کی بہت سی خصوصیات بھی ہیں، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ میڈیا کا کردار غلط ہے وہ بتائیں انہوں نے اس کے غلط استعمال کو درست کرنے کے حوالے سے کیا کردار ادا کیا ہے، میڈیا مثبت اور منفی دونوں کردار کا حامل ہے، پاکستانی میڈیا کو ابھی بھی جراتمند، محنتی اور ایماندار لوگوں کی ضرورت ہے جو اسلام اور پاکستان کا تشخص پوری دنیا میں اچھی طرح اجاگر کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان اور اسلام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ حافظ نعمان ظفر نے کہا کہ آج پاکستانی میڈیا مغربی کلچر کو فروغ دے رہا ہے، انڈین اور ترکی کے ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں، جن کو ترکی میں بھی دکھانے پر پابندی ہے ان بے ہودہ ڈراموں کی نمائش پاکستان میں کی جا رہی ہے، پاکستانی میڈیا کو مثبت قدم اٹھاتے ہوئے اسلامی کلچر کو فروغ دینا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 268798

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/268798/پاکستانی-میڈیا-اسلامی-کلچر-کو-فروغ-دے-جمعیت-طلبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org