0
Thursday 30 May 2013 08:56

گمشدہ اور بے نام قبروں کا معاملہ، عالمی برادری کی خاموشی جرائم کی پردہ پوشی کے مترادف، حریت کانفرنس (م)

گمشدہ اور بے نام قبروں کا معاملہ، عالمی برادری کی خاموشی جرائم کی پردہ پوشی کے مترادف، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ گمشدگی اور بے نام قبروں کے معاملے پر عالمی برادری کی خاموشی کو جرائم کی پردہ پوشی کے مترادف ہے، انہوں نے حریت کے شعبہ حقوق البشر کو سرنو متحرک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گمشدہ افراد، نظربندوں اور دیگر متاثرین کے حوالے سے عنقریب موثر حکمت عملی ترتیب دی جائیگی، میرواعظ عمر نے گمشدہ افراد کے عالمی ہفتہ کے موقعہ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دراصل گمشدہ افراد کا ہفتہ منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم دنیا کے مختلف خطوں میں ہزاروں گمشدہ افراد کی بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کے مشکلات اور مصائب کا مداوا کرنے کے حوالے سے ایک قابل عمل پالیسی اختیار کریں، ایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ گمشدگی کا درد کشمیری عوام سے بہتر اور کوئی نہیں محسوس کرسکتا ہے کیونکہ صرف کشمیر میں مبنی برحق جدوجہد کی پاداش میں بھارتی سرکاری فورسز اور مختلف ایجنسیوں کی وجہ سے گزشتہ 23 برسوں کے دوران دس ہزار سے زائد افراد کو لاپتہ کردیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ 9500 کے قریب گمنام قبریں دریافت ہوچکی ہیں اور ان افراد کے لواحقین گزشتہ دو دہائیوں سے درد اور کرب کی زندگی گذار رہے ہیں اور آج بھی اپنے عزیزوں کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ اور حقوق بشر کی عالمی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان ہزاروں گمشدہ افراد کی بازیابی کے ضمن میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کی گمشدگیوں کے نتیجے میں کشمیر میں وجود میں آئی یتیموں اور بیواؤں کی ایک بڑی تعداد نے ایک سنگین انسانی مسئلہ کی صورت اختیار کی ہے اور یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ان افراد کے درد کا درماں کرنے کیلئے اقدامات کریں، میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ حریت کانفرنس نے شعبہ حقوق انسانی کو مزید متحرک کیا ہے اور حریت صدر دفتر میں گمشدہ افراد، جیلوں میں مقید نظر بندوں اور متاثرہ خاندانوں کے حوالے سے اعداد و شمار پر مبنی ریکارڈ مرتب کیا جاچکا ہے اور مستقبل قریب میں حریت کانفرنس اس انسانی مسئلہ کے حوالے سے موثر حکمت عملی ترتیب دیگی۔
خبر کا کوڈ : 268897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش