0
Thursday 30 May 2013 12:28

شام اسرائیل کے کسی بھی ممکنہ حملے کا منہ توڑ جواب دیگا، ولید المعلم

شام اسرائیل کے کسی بھی ممکنہ حملے کا منہ توڑ جواب دیگا، ولید المعلم
اسلام ٹائمز۔ شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بدھ کے روز لبنان کے ٹی وی چینل "المیادین" کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ دمشق آئندہ اسرائیل کے کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں بغیر کسی انتباہ کے جوابی کارروائی کرے گا۔ شامی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ شام اس کے بعد اسرائیل کی ہر قسم کی مہم جوئی اور جارحیت کا حتماً جواب دے گا، اور ممکنہ جارحیت کا جواب حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی نوعیت کے مطابق ہوگا۔ ولید المعلم کا کہنا تھا کہ شام بغیر کسی پیشگی شرط کے جینوا2 مذاکرات میں شرکت کرے گا، ان کا مزید کہنا تھا کہ 2014ء میں صدارتی انتخابات کے انعقاد تک بشار الاسد بدستور شام کے صدر رہیں گے۔ انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ آج سے شام کے آئندہ صدارتی انتخاب تک بشار الاسد ہی جمہوری عربی شام کے صدر ہیں۔

شامی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جینوا2 مذاکرات میں ہونے والے کسی بھی توافق کے بارے میں شام میں ریفرنڈم کا انعقاد کروایا جائے گا، اگر اس اتفاق رائے کی شام کے عوام نے حمایت کر دی، تو اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ ولید المعلم کا کہنا تھا کہ شام کے ہمسائے عرب اور یورپی ممالک سمیت 28 ملکوں کے دہشتگرد شام کی حکومت کے ساتھ نبرد آزما ہیں۔ یاد رہے کہ چند دن پہلے شام کے صدر بشار الاسد نے بھی ترکی کے ایک ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ دمشق حکومت کے ساتھ لڑنے والے باغی دہشتگردوں نے اگر اس ملک پر قبضہ کرلیا تو کئی عشروں تک یہ خطہ عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ بشار الاسد کا مزید کہنا تھا کہ اگر شام میں جاری لڑئی کی وجہ سے یہ ملک ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا یا دہشتگردوں نے اس ملک پر قبضہ کرلیا تو یہ عدم استحکام اور ناآرامی ہمسایہ ممالک تک پھیل جائے گی اور اس کے اثرات نہ صرف پورے مشرق وسطٰی بلکہ اس کے باہر کے علاقوں میں بھی نظر آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 268951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش