QR CodeQR Code

اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں ملک میں شرعی نظام نافذ کیا جائے، علامہ ریاض شاہ

30 May 2013 18:55

اسلام ٹائمز:سعودی عرب سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اہلنست کے مرکزی ناظم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے قانونِ ناموسِ رسالت میں تبدیلی کو غیر ضروری قرار دے کر قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے، نئی حکومت بلوچستان کے ذخائر کو استعمال میں لانے کیلئے منصوبہ بندی کرے،


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور عسکری قیادت شریک ہو، اے پی سی میں طالبان سے مذاکرات کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کر کے متفقہ قومی لائحہ عمل تیار کیا جائے، میاں نواز شریف پاکستان کی تعمیرِ نو کے لیے ڈٹ جائیں، پوری قوم ان کا ساتھ دے گی، ہر محب وطن میاں نواز شریف کی حکومت کی کامیابیوں کے لیے دعاگو ہے، قومی راہنما بلیم گیم اور پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر عوامی خدمت کا سفر شروع کریں اور نئے حکمران حکومت کو مشن اور عبادت سمجھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف خوشامدیوں سے بچ کر رہیں گے تو کامیاب رہیں گے، اسلامی نظریاتی کونسل نے قانونِ ناموسِ رسالت میں تبدیلی کو غیرضروری قرار دے کر قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے، نئی حکومت بلوچستان کے ذخائر کو استعمال میں لانے کیلئے منصوبہ بندی کرے، میاں نواز شریف کا چین کے تعاون سے ملک کی تقدیر بدلنے کا عزم خوش آئند ہے۔ میاں نواز شریف سیاستدان اور حکمران نہیں لیڈر بن کر ملک کو بحران اور قوم کو مایوسی سے نکالیں۔

سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ علماء قتلِ ناحق کے خلاف آواز اٹھائیں اور انسانی جان کی حرمت کو اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب سے جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ نئی حکومت کو عوام دوست پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں ملک میں شرعی نظام نافذ کیا جائے اور رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ نئی حکومت فیڈرل شریعت کورٹ کے سود مخالف فیصلے کے خلاف کی گئی رٹ واپس لینے کا اعلان کرے۔


خبر کا کوڈ: 269122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/269122/اسلامی-نظریاتی-کونسل-کی-سفارشات-روشنی-میں-ملک-شرعی-نظام-نافذ-کیا-جائے-علامہ-ریاض-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org