0
Friday 31 May 2013 18:36

سنی اتحاد کونسل نے ڈرون حملوں کیخلاف یوم مذمت منایا

سنی اتحاد کونسل نے ڈرون حملوں کیخلاف یوم مذمت منایا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر ڈرون حملوں کے خلاف ملک گیر ’’یومِ مذمت‘‘ منایا گیا اور ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنایا۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، نواز شریف شیر بنیں اور ڈرون گرانے کا حکم دیں کیونکہ ڈرون حملے امریکہ کی مذمت سے نہیں مرمت سے بند ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو ہیرو بننے والے زیرو ہو جائیں گے، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے مسلسل پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے، اقوام متحدہ ڈرون حملے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ڈرون حملوں کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں لے جائے اور امریکہ کو نو مور کی وارننگ دے۔ صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے امریکہ کی بدمعاشی کی بدترین مثال ہیں، اس معاملے پر پاکستانی حکمران امریکہ سے دوٹوک بات کریں۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا کہ امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، امریکی صدر پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاؤن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے پاکستانی حکمرانوں کی اجازت سے ہوتے ہیں اور حکمران قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے رسمی اور نمائشی احتجاج کر کے ڈرامہ کرتے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے کے بعد پہلا حکم ڈرون گرانے کا دیں اور ڈرون گرا کر حکومت کا آغاز کریں۔

یومِ مذمت کے سلسلہ میں اسلام آباد میں پیر فضیل عیاض قاسمی، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، منڈی بہاؤ الدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں مفتی فضل جمیل رضوی، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، جھنگ میں علامہ فاروق سلطان قادری، نارووال میں قاضی محمد یعقوب رضوی، صادق آباد میں میاں احسان الحق اسد، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس رضوی، ڈیرہ اسماعیل خان میں علامہ ظاہر شاہ قادری اور لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، مفتی محمد کریم خان نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 269380
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش