QR CodeQR Code

بنوں، بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی اہلکار جاں بحق

1 Jun 2013 12:44

اسلام ٹائمز: فوجی قافلوں کے لیے راستہ کلیئر کرنے والے بم ڈسپوزل سکواڈ کی اپنی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو بنوں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان اور بنوں کے سرحدی علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ شمالی وزیرستان اور بنوں کے سرحدی علاقے جانی خیل میں جمعہ کو پیش آیا۔

فوجی قافلوں کے لئے راستہ کلیئر کرنے والے بم ڈسپوزل سکواڈ کی اپنی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ تینوں زخمی اہلکاروں کو بنوں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ اس دھماکے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی تباہ ہوگئی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا کا علاقہ ضلع بنوں کئی سالوں سے پرتشدد واقعات کی زد میں رہا ہے، بالخصوص سیکیورٹی ادارے شدت پسندوں کے پرتشدد کارروائیوں کے نشانے پر ہیں۔ ضلع بنوں میں مئی کے اوائیل میں پولیس تھانہ ڈومیل کے قریب پولیس کے رہائشی مکانات پر ایک خودکش دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

اس واقعے میں نمازِ فجر کے تھوڑی دیر بعد خودکش حملہ آور نے بارود سے لدی پک اپ پولیس کوارٹروں سے ٹکرا دی تھی۔ ضلع بنوں میں گذشتہ سال جولائی میں بھی پولیس کی ایک عمارت پر 4 شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جن میں سے دو نے اپنے آپ کو اْڑایا تھا اور 2 گرفتار ہوئے تھے۔ اس حملے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 269393

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/269393/بنوں-بارودی-سرنگ-پھٹنے-سے-ایک-فوجی-اہلکار-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org