0
Saturday 1 Jun 2013 13:07

امریکا، پاکستان میں اپنے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ پتلی حکومت چاہتا ہے، الطاف شکور

امریکا، پاکستان میں اپنے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ پتلی حکومت چاہتا ہے، الطاف شکور
اسلام ٹائمز۔ پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے نواز شریف کو امریکی ڈرون طیاروں کو روکنے یا گرانے سے اپنی حکومت کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ الطاف شکور نے کہا کہ امریکی ڈرون طیاریوں کو گرانے کے بجائے رن وے پر ہی روک دینے کی ضرورت ہے۔ ڈرون حملوں کو روکنے کے لئے وقت، میزائل اور گولہ بارود برباد کرنے کی ضرورت نہیں ہے، امریکی ڈرون طیاریوں کو روکنا کونسا مشکل کام ہے جو ہماری سرزمین سے پرواز کرکے ہی حملہ کرتے ہیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملے پر عمران خان کا جراتمندانہ موقف قوم سے ملنے والے مینڈیٹ کے عین مطابق ہے جس پر عمران خان اور تحریک انصاف مبارکباد کی مستحق ہے۔
 
الطاف شکور نے کہا کہ میران شاہ ڈرون حملہ دراصل مذاکرات اور امن کی آشا پر براہ راست حملہ ہے جو کہ امریکی حکومت کے غیر جمہوری و غیر انسانی رویے یا امریکی صدر ابامہ کی سی آئی اے کے سامنے بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔ امریکا، پاکستان میں بدامنی، افغانستان میں ناکامی کے بعد فرار کا محفوظ راستہ اور پاکستان میں اسکے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ پتلی حکومت کا قیام چاہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈرون حملے کی طرح عمران خان 10 سال سے امریکی قید میں ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے لئے بھی جراتمندانہ کردار ادا کریں گے جس سے گوانتا نامو بے، ابو غریب اور بگرام جیسے ٹارچر سیل ہمیشہ کے لئے بند ہونے کی امید پیدا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 269580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش