QR CodeQR Code

سید منور حسن سے صوبہ خیبر پختونخوا کے نومنتخب سینئر وزیر سراج الحق کی منصورہ میں ملاقات

2 Jun 2013 18:26

اسلام ٹائمز: ملاقات کے دوران منور حسن کا کہنا تھا کہ خطے میں سب سے بڑا مسئلہ امریکی موجودگی اور دہشتگردی ہے جس نے پاکستان کو مسائلستان بنادیاہے۔ جب تک امریکہ خطے سے نکل نہیں جاتا دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و نو منتخب سینئر وزیر صوبہ خیبر پختونخوا سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں خیبر پختونخوا حکومت کی ترجیحات کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا خاص طور پر خیبر پی کے کو درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا اور سینئر وزیر نے امیر جماعت اسلامی سے ان چیلنجز سے عہدہ برأ ہونے کے حوالے سے رہنمائی لی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ قومی و صوبائی مسائل کامل بیٹھ کر حل تلاش کیا جانا ضروری ہے۔ خطے میں سب سے بڑا مسئلہ امریکی موجودگی اور دہشتگردی ہے جس نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکہ خطے سے نکل نہیں جاتا دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ امریکی ڈرون حملے اس دہشتگردی کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دے رہے ہیں۔ 

سراج الحق نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کا قیام اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ وفاقی حکومت ان مسائل کے حل کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت مرکزی حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا بہت بڑا مسئلہ لاء اینڈ آرڈر ہے اور یہ مسئلہ صرف پولیس کا نہیں بلکہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا حل بھی سیاسی بنیادوں پر کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی مخدوش صورتحال کی جڑیں پاک افغان بارڈر کے دونوں اطراف پھیلی ہوئی ہیں۔ مرکزی و صوبائی حکومتوں کو مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 270018

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/270018/سید-منور-حسن-سے-صوبہ-خیبر-پختونخوا-کے-نومنتخب-سینئر-وزیر-سراج-الحق-کی-منصورہ-میں-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org