0
Sunday 2 Jun 2013 18:29

پاکستان میں دہشتگردی، تخریب کاری کی ہر واردات کی پشت پر امریکہ بھارت کا شیطانی گٹھ جوڑ ہے، لیاقت بلوچ

پاکستان میں دہشتگردی، تخریب کاری کی ہر واردات کی پشت پر امریکہ بھارت کا شیطانی گٹھ جوڑ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں بلوچستان اور فاٹا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈرون حملہ کر کے ممکنہ امن عمل امریکہ نے سبوتاژ کیاہے۔ یہ امریکہ کی امن برباد کرنے اور دہشتگردی پھیلانے کی پہلی واردات نہیں۔ چھ سال پہلے بھی گورنر کے پی کے جنرل اورکزئی نے امن قائم کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحارب فریقین کو معاہدہ کے لیے تیار کر لیا تھا اسی مرحلہ پر امریکی ڈرون حملے کے ذریعے سارے عمل کو برباد کر دیا تھا۔ پاکستان میں دہشتگردی، تخریب کاری کی ہر واردات کی پشت پر امریکہ بھارت کا شیطانی گٹھ جوڑ ہے۔ پارلیمنٹ، صوبہ خیبر پختونخوا حکومت اور فاٹا کے منتخب ارکان اور قومی جماعتوں کو امریکہ کی پاکستان کی آزادی، خود مختاری میں مداخلت، بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کے خلاف مشترکہ قومی لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ اب ایک دوسرے کے سر معاملہ ڈالنے سے نہیں قومی غیرت کے جذبہ سے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ پورے ملک خصوصاً فاٹا کے عوام کو بین الاقوامی دہشتگردی سے نجات ملے۔
 

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں منتخب ممبران اور جماعتوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ ہوس اقتدار سے ثابت ہو رہاہے کہ انہیں بلوچستان کے عوام کے دکھوں اور پریشانیوں کا احساس نہیں ہے۔ بلوچستان میں حکومت سازی از سر نو غیر جمہوری طرز سیاست کا شکار ہے۔ بلوچستان کی منتخب قیادت کو قبائلی شدت جذبات سے بالاتر ہو کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ بلوچستان کے عوام ریاستی اداروں کی بالادستی اور غیر قانونی غیر آئینی ہتھکنڈوں سے نجات، لاپتہ افراد کے خاندان اپنے عزیزوں کی بازیابی اور بلوچستان کے نوجوان روزگار، عزت اور سیاسی و معاشی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔ اگر موجودہ وفاقی اور بلوچستان کی حکومت نے بلوچستان کے حالات کو ٹھیک کرنے اور باغی عوام کے جذبات کو قومی دھارے میں لانے کے لیے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو یہ تاریخ کا بدترین المیہ ہوگا۔ وفد میں مولانا عبدالحق ہاشمی، بشیر ماندائی، مولانا ہدایت الرحمن، صاحبزادہ ہارون الرشید شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 270019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش